تلنگانہ میں انتخابی مہم کے اختتام کے لیے دو دن باقی ، سیاسی سرگرمیاں تیز

حیدرآباد3دسمبر(یواین آئی) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی مہم کے اختتام کے لئے صرف 2دن باقی رہ گئے ہیں جس کے پیش نظر تمام اہم جماعتوں کی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ انتخابی مہم، ریالیاں،پریس کانفرنس ، رائے دہندوں سے ملاقاتوں اور اپنی جماعت کو ووٹ دینے کے لئے ان کوراغب کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔تلنگانہ جنوبی ہند کی نئی اور سیاسی اعتبار سے اہم ریاست ہے جس کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ یہاں انتخابات ہورہے ہیں۔7دسمبر کو رائے دہی اور11دسمبرکو ووٹوں کی گنتی مقر ر ہے ۔ایک طرف تلنگانہ کو ریاست کادرجہ دلانے کیلئے سرگرمی سے تحریک چلاتے ہوئے برسراقتدار آنے والی ٹی آرایس ہے تو دوسری طرف اصل اپوزیشن کانگریس کی زیرقیادت عظیم اتحاد ہے جس میں تلگودیشم کے ساتھ ساتھ جناسمیتی اور سی پی آئی بھی شامل ہے ۔ اس اتحاد کی یہ کوشش ہے کہ وہ تلنگانہ میں برسراقتدار آئے جس کیلئے یہ اتحاد کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے ۔ اس اتحاد میں پروفیسر کودنڈارام کی زیرقیادت تلنگانہ جناسمیتی بھی شامل ہے ۔پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ تحریک میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیا تھا۔ٹی آرایس اپنے اقتدار پرقبضہ کو برقرار رکھنے کی کوشش کے حصہ کے طور پراپنی ساڑھے چارسالہ معیاد کے کارناموں کو عوام کے سامنے رکھتے ہوئے دوبارہ ووٹ مانگ رہی ہے ۔