تلنگانہ میں انتخابی مہم ختم ‘ کل رائے دہی

حیدرآباد ۔ 28 اپریل ( سیاست نیوز) ریاست میں پہلے مرحلہ کے تحت علاقہ تلنگانہ کے (17) لوک سبھا اور (119) اسمبلی حلقہ جات میں آج شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آیا ۔ لہذا آج شام چھ بجے سے یعنی 28 اپریل تا 30 اپریل شام چھ بجے تک انتخابی حلقہ جات میں الیکشن کمیشن کی پابندیاں عائد رہیں گی اور انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کا سخت انتباہ دیا۔ آج شام اپنے چیمبر واقع سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ 30 اپریل کو منعقد ہونے والی رائے دہی کے سلسلہ میں تمام خانگی و سرکاری اداروں کو بااجرت تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اور علاقہ تلنگانہ کے مذکورہ حلقہ جات لوک سبھا و اسمبلی میں رائے دہی کے آزادانہ و منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے بعض سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا پر بڑے پیمانے پر تحدیدات عائد نہ رہنے کے باوجود تشہیر سے متعلق الکٹرانک میڈیاپر مکمل تحدیدات عائد رہیں گی اور انتخابات میں رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے جیسے کوئی پروگرامس ،تشہیر اور مباحث الیکٹرانک میڈیا میں ٹیلی کاسٹ نہیں کئے جاسکیںگے بالخصوص ریاست میں پائے جانے والے تمام تلگو اور اردو چیانلس پر مکمل تحدیدات قابل عمل ہوں گے علاقہ تلنگانہ کے 30518 مراکز رائے دہی کے منجملہ 12 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشن کو مسائل سے دوچار کی حیثیت سے نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کے انتہائی مسائل سے دوچار کی حیثیت سے نشاندہی کرتے ہوئے پولیس کے انتہائی سخت صیانتی انتظامات کرتے ہوئے ان مراکز رائے دہی پر اوقات رائے دہی کے وقت میں کمی کی گئی۔(سلسلہ صفحہ 8 پر)
تلنگانہ میں انتخابی مہم ختم، کل رائے دہی
مسٹر بھنور لعل نے کہا کہ 119 اسمبلی حلقہ جات کے منجملہ 109 اسمبلی حلقہ جات میں رائے دہی کے اوقات صبح 7 تا چھ شام تک رہیں گے اور رائے دہندے کوئی ایک شناختی کارڈ بتاکر اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ 17 لوک سبھا حلقہ جات کیلئے 265 امیدوار اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے 1669امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جبکہ علاقہ تلنگانہ میں 85 تا 90 فیصد رائے دہندوں میں ووٹر سلپس تقسیم کئے گئے زائد از 16512 پولنگ اسٹیشن پر لائیو ویب کاسٹنگ کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اور مابقی پولنگ اسٹیشن پر ویڈیو گرافی کی جائے گی ۔ انتخابی مہم کے ختم ہونے کے بعد غیر مقامی افراد کو حلقہ جات میں رہنے کی اجازت نہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں ایس ایم ایس پیامات روانہ کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے پولنگ اسٹیشن کے 100میٹر حدود میں کسی قسم کی انتخابی مہم کی اجازت نہیں رہے گی ۔ ریاستی چیف الکٹورل آفیسر نے کہا کہ اب تک جملہ 126 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے اور رائے دہی کیلئے 162 مسلح نیم فوجی دستوں کی کمپنیوں کو مرکز سے طلب کر کے انہیں تعینات کیا گیا ہے اور ریاست سے تعلق رکھنے و الے 1.40 لاکھ پولیس ملازمین و عہدیداروں کی خدمات سے بھی استفادہ حاصل کیا جارہا ہے ۔