تلنگانہ میں اقلیتی مسائل کی یکسوئی کے لیے پریشر گروپ کے قیام کا فیصلہ

حیدرآباد۔28جنوری(سیاست نیوز) مجوزہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لئے پریشر گروپ کی تشکیل کاتلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے اقلیتی قائدین نے موسیٰ رام باغ میں ٹی آر ایس کے زیر اہتمام منعقدہ جائزہ اجلاس میں اعلان کیا ۔تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے قائدین نے پریشر گروپ کے ذریعہ مجوزہ ریاست تلنگانہ کی حکمران جماعت اور پارٹی کو علاقہ تلنگانہ کے اقلیتوں کو درپیش مسائل سے وقتاً فوقتاً توجہہ دلانے کا بھی ادعاکیا۔ اس اجلاس میں ٹی آر ایس پارٹی کے جنرل سکریٹریز میر عنایت علی باقری‘ محترمہ شاہین افروز‘ محمد عبدالحق قمر‘ شبیر احمد‘ منور خان پرویز‘ محمد جہانگیر‘ظہور الدین یوسفی‘بابافصیح الدین محمد اعجاز‘ محمد عارف‘ سلیم احمد‘ عمر بن قاسم ‘ستار گلشنی اورپارٹی کے دیگر اقلیتی قائدین نے شرکت کی۔ٹی آر ایس قائدین نے سیاسی جماعتوں کے اقلیتی قائدین کی اپسی رسہ کشی کو اقلیتوں کے مسائل کو تبصرے میں لانے میںناکامی کی وجہہ قراردیا

اور کہاکہ سیاسی جماعتوں کی اعلی قیادتیں بھی اقلیتوں بالخصوص مسلم قائدین کی رسی کشی کو فروغ دیکر مسلمانوں کے اہم مسائل سے کنارے کشی اختیار کرلیتے ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین نے اس اہم اجلاس میں طئے کیاھیکہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل پورے تلنگانہ میں ٹی آر ایس مسلم قائدین کے ساتھ اس قسم کے نشستوں کا انعقاد عمل میں لاتے ہوئے مسلم اقلیت کودرپیش مسائل کے حل کے متعلق تجاویز اکٹھا کریں تاکہ مجوزہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے ساتھ مسلم مسائل کے متعلق ریاست کی حکمران سیاسی جماعت کو واقف کروایا جاسکے۔ ٹی آر ایس قائدین نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل سے قبل یا مابعد تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کی جانب سے بڑے پیمانے پر ایک مسلم اقلیت کنونشن منعقد کرنے کا خیال بھی ظاہر کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے 150بلدی حلقوں میں اس قسم کی نشستوں کے انعقاد کا بھی ٹی آر ایس قائدین نے اعلان کیا۔