تلنگانہ میں اقلیتی سیل کو مستحکم کرنے اور اقلیتوں کو ٹی آر ایس سے قریب کرنے کا عزم

اقلیتوں کیلئے تلنگانہ میں چیف منسٹر کی بے مثال اسکیمات، محمد خواجہ مجیب الدین صدر ٹی آر ایس اقلیتی سیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 5۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی اقلیتی سیل کے نو نامزد صدرنشین محمد خواجہ مجیب الدین نے کہا کہ وہ ریاست بھر میں اقلیتی سیل کے استحکام اور اقلیتی طبقہ کو پارٹی سے قریب کرنے کیلئے اقدامات کریں گے۔ خواجہ مجیب الدین کا تعلق کاما ریڈی سے ہے اور وہ اقلیتی سیل کے دوسرے صدرنشین ہوں گے۔ ٹی آر ایس کے قیام سے لیکر آج تک اقلیتی سیل کی ذمہ داری ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کے ذمہ تھی۔ ان کی وزارتی ذمہ داریوں کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے کاما ریڈی کے متحرک پارٹی قائد کو اس عہدہ کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ خواجہ مجیب الدین 2011 ء میں ٹی آر ایس سے وابستہ ہوئے ۔ کاما ریڈی کے رکن اسمبلی گمپا گوردھن نے تلگو دیشم سے انحراف کرتے ہوئے جس وقت ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی تھی ، ان کے ہمراہ خواجہ مجیب الدین بھی ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ پیشہ وکالت سے وابستہ خواجہ مجیب الدین بہت جلد چیف منسٹر کے چندر شیکھر ارؤ سے ملاقات کریں گے اور اہم ذمہ داری دینے پر اظہار تشکر کریں گے ۔ وہ ڈسٹرکٹ کوآپریٹیو مارکیٹنگ سوسائٹی نظام آباد و کاما ریڈی کے صدرنشین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع کا دورہ کرنے کے بعد ضلعی یونٹس کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے اقلیتی سیل کی ذمہ داری دیئے جانے پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ پار ٹی کے استحکام اور اقلیتوں کو پارٹی سے جوڑنے کے سلسلہ میں جو توقعات وابستہ کی گئی ہے ، ان پر وہ کھرا اترنے کی کوشش کریں گے۔ خواجہ مجیب الدین نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ حکومت نے اقلیتی طبقات کی بھلائی کیلئے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، اس کی مثال کوئی ریاست پیش نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی سیل کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ وہ اس بات کی کوشش کریں گے کہ اقلیتی اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچیں۔