تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کے بجٹ کی تیاری پر اقلیتی اداروں سے مشاورت

اداروں کی کارکردگی اور اسکیمات کا جائزہ ، سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/8اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں اقلیتی بہبود کے بجٹ کی تیاری کیلئے آج سکریٹری اقلیتی بہبود جناب احمد ندیم نے اقلیتی اداروں کے عہدیداروں سے مشاورت کی۔حکومت نے اقلیتی بہبود کیلئے1000 کروڑ روپئے مختص کرنے کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ اس کے مطابق محکمہ اقلیتی بہبود مختلف اسکیمات کو قطعیت دے گا جن میں تعلیمی، معاشی ترقی کے علاوہ دیگر فلاحی اسکیمات شامل ہوں گی۔ جناب احمد ندیم نے اقلیتی فینانس کارپوریشن، اردو اکیڈیمی، حج کمیٹی، وقف بورڈ، سروے کمشنر وقف، سی ای ڈی ایم اور دائرۃ المعارف کے عہدیداروں سے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ان سے بجٹ کے سلسلہ میں تجاویز طلب کی۔ ان اداروں کی اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے مالیاتی سال 2014-15کیلئے بجٹ کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ تمام اقلیتی اداروں نے انہیں درکار بجٹ کے سلسلہ میں اپنی تجاویز پیش کی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ان تمام تجاویز کا جائزہ لیں گے اور ہر ادارہ کو ان کی ضرورت اور اسکیمات کے مطابق بجٹ کو قطعیت دی جائے گی۔ بجٹ کو قطعیت سے متعلق سفارشات حکومت کو روانہ کی جائیں گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بجٹ میں 60فیصد رقم تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق مختص کرنے کے حق میں ہیں۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن و ڈائرکٹر سکریٹری اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور، چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ و ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید، وقف سروے کمشنر حسن علی بیگ، آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی محکمہ اقلیتی بہبود فائق احمد، ڈائرکٹر دائرۃ المعارف ڈاکٹر مصطفی شریف اور جنرل منیجر اقلیتی فینانس کارپوریشن ولایت حسین نے شرکت کی۔