حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے تلنگانہ حکومت کے بجٹ میں اقلیتوں کو 1105 کروڑ روپئے کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں کے سی آر حکومت نے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اقلیت دوستی کا ثبوت دیا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حقیقی معنوں میں اقلیتوں کے ہمدرد ہیں، لہذا انہوں نے نہ صرف بجٹ میں اضافہ کیا بلکہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی سے متعلق اسکیمات کیلئے زائد رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال وقت کی کمی اور دیگر مسائل کے سبب اقلیتی بہبود کا بجٹ مکمل طور پر خرچ نہیں کیا جاسکا۔ تاہم حکومت 2015-16 ء کے بجٹ کو مکمل خرچ کرنے کی کوشش کرے گی۔ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر نے اردو زبان کی ترقی و ترویج کے علاوہ مسلمانوں کو تعلیم و روزگار میں 12 فیصد تحفظات کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پہلے قدم کے طور پر کمیشن آف انکوائری قائم کیا گیا جو 6 ماہ میں اقلیتوں کی معاشی ، تعلیمی اور سماجی صورتحال کے بارے میں حکومت کو رپورٹ پیش کرے گا۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر حکومت مسلمانوں کو تحفظات فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ محمد سلیم نے بجٹ میں بعض نئی اسکیمات کے آغاز کا خیرمقدم کیا اور اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی اقلیتیں کے سی آر حکومت سے مطمئن ہیں اور انہیں یقین ہے کہ صرف ٹی آر ایس حکومت ہی ان کے مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے۔