تلنگانہ میں اسکاؤٹس اینڈ گائیڈس کے وقار کو بحال کرنے کا عزم

چیف کمشنر حصول جائزہ کے بعد کے کویتا ایم پی کا خطاب ، گورنر سے اظہار ِتشکر
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ’’اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز‘‘ کے سابقہ وقار کو بحال کرنے کی ممکنہ کوشش کرنے کا رکن پارلیمان شریمتی کے کویتا نے تیقن دیا اور کہا کہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی خدمات کا موقع فراہم ہونا اور خدمت انجام دینا یہ میری خوش قسمتی ہے۔ آج یہاں اے وی کالج میں منعقدہ تقریب میں شریمتی کے کویتا نے بحیثیت چیف کمشنر تلنگانہ اسٹیٹ اسکاؤنٹس اینڈ گائیڈز کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زبردست جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کا قیام ممکن ہوسکا۔ انہوں نے تلنگانہ میں اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے قیام میں بھرپور تعاون کرنے والے گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ متحدہ کوششوں کے ذریعہ ملک بھر میں تلنگانہ اسکاؤنٹس اینڈ گائیڈز یونٹ کو ایک مثال یونٹ بنانے کی کوشش کریں۔ رکن پارلیمان شریمتی کے کویتا نے بتایا کہ آندھرا پردیش اکاؤٹس اینڈ گائیڈز سے تقسیم کے ذریعہ آج سے تلنگانہ کیلئے خصوصی طور پر اسکاؤنٹس اینڈ گائیڈز سے تقسیم کے ممکن ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ سال 1986ء میں اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کو امن ایوارڈ حاصل ہوا تھا، کیونکہ سابق میں جہاں کہیں بھی دیکھیں تو انتہائی خلوص محبت، خوش اخلاقی کے علاوہ حقیقی جذبہ خدمت کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز دکھائی دیئے تھے لیکن اس بات پر تاسف کا اظہار کیا کہ آج یہ تعداد بالکلیہ طور پر گھٹ گئی ہے تاہم وہ جذبہ خدمت کو فروغ دینے کی ممکنہ کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی اہمیت میں کمی کی ایک وجہ حکومت بھی ہے۔ شریمتی کویتا نے کہا کہ وہ زمانہ طالب علمی سے ہی اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز میں خدمات انجام دی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر و اُمور تعلیم، مسٹر کے سری ہری نے خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان شریمتی کے کویتا کو بحیثیت چیف کمشنر تلنگانہ اسٹیٹ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ شریمتی کویتا اپنی جدوجہد و کوششوں کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے سابقہ وقار کو بحال کریں گی اور طلباء سے بھی خدمت کے جذبہ سے کام کرنے کی خواہش کی۔ بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے چیف کمشنر مسٹر سوکمار نے اظہار خیال کرتے ہوئے شریمتی کویتا کی ستائش کی اور تعریف کے پل باندھ دیئے اور کہا کہ ایک انتہائی فعال و نوجوان قائد شریمتی کویتا کے کمشنر اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آنا طلباء کی خوش قسمتی ہے۔ انہوں نے کویتا کی قیادت میں تلنگانہ اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز یونٹ ملک گیر سطح پر ایک مثالی و فعال یونٹ ثابت ہونے کیلئے اپنی نیک توقعات کا اظہار کیا۔