لوک سبھا کیلئے کانگریس کی تائید : سی این این ۔ آئی بی این سروے
نئی دہلی 4 مارچ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت والی ٹی آر ایس کو عوام نے اسمبلی انتخابات کیلئے پسندیدہ قرار دیا ہے جبکہ لوک سبھا حلقوں کیلئے کانگریس کی تائید کا اشارہ دیا گیا ہے ۔ سی این این ۔ آئی بی این اور سی ایس ڈی ایس کے ایک انتخابی سروے میں یہ انکشاف کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ سیما آندھرا علاقہ میں جگن موہن ریڈی کی قیادت والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حق میں عوام کی رائے ہے اور وہ وہاں اچھا مظاہرہ کرسکتی ہے ۔ وہاں اسے اسمبلی اور لوک سبھا دونوں ہی نشستوں کیلئے عوامی تائید مل سکتی ہے ۔ تلنگانہ میں تاہم عوام کی رائے منقسم ہے یہاں اسمبلی کیلئے ٹی آر ایس اور پارلیمنٹ کیلئے کانگریس کے حق میں عوام کی تائید ہے ۔ متحدہ آندھرا کی 42 لوک سبھا نشستوں کیلئے سروے کے مطابق 17 نشستوں تک وائی ایس آر کانگریس کو تائید مل سکتی ہے جبکہ 10 تا 16 نشستیں تلگودیشم کو مل سکتی ہیں۔
کانگریس کو چھ تا 12 اور ٹی آر ایس کو چھ تا 12 پر کامیابی مل سکتی ہے ۔ جہاں تک تلنگانہ کیلئے اسمبلی کی نشستوں کا سوال ہے ٹی آر ایس کو مقامی رائے دہندوں نے پسندیدہ جماعت قرار دیا ہے اور یہاں دوسری جماعتوں کو نسبتا کم نشستیں مل سکتی ہیں۔ سروے کے مطابق ٹاملناڈو میں ایسا لگتا ہے کہ ڈی ایم کے پارٹی واپسی کر رہی ہے اور وہاں اس کے ووٹوں کے تناسب میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹاملناڈو میں آل انڈیا انا ڈی ایم کے کو 30 فیصد تک اور ڈی ایم کے کو 26 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ گذشتہ دو مہینوں کے دوران ڈی ایم کے کی عوامی تائید میں اضافہ ہوا ہے ۔ ٹاملناڈو میں وزارت عظمی کیلئے عوام نے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی کو پسندیدہ قرار دیا ہے ۔