حکومت کا بجٹ اطمینان بخش، میٹ کے قائدین کا بیان
حیدرآباد۔/6نومبر، ( پریس نوٹ ) مومنٹ فار ایجوکیشن اینڈ اکنامک تلنگانہ نے تلنگانہ سرکار کی جانب سے پیش کئے گئے بجٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کی ترقی ، معیار زندگی کو بلند کرنے کے عزائم کی ستائش کی۔ میٹ کے عہدیداران مسرس سید امیر محمد، امجد، سید علی الدین، محمد اسد، میر مقصود علی کے علاوہ سید حمید الدین احمد محمود نے کہا کہ ٹی آر ایس سرکار اور چندر شیکھر راؤ کو نئی ریاست تلنگانہ میں خوشحالی لانے تلنگانہ کے عوام کے مسائل کو حل کئے جانے کی سمت اقدامات کیلئے وقت درکار ہے جس سے کوئی انکار نہیںکرسکتا تاہم معیشت کے استحکام ، فلاح و بہبود کے نقطہ نظر سے مختص بجٹ ونیز امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش ہے۔ تاہم تلنگانہ سرکار نے جو سبھی طبقات بشمول اقلیتوں سے تعلیم، روزگار اور خود روزگار اسکیمات کیلئے جو وعدے کئے تھے اس پر عمل آوری کیلئے ایک اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی تشکیل اور اس کی مانیٹرنگ متعلقہ وزارت کے تفویض کئے جانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اردو کو سرکاری سطح پر فروغ کیلئے اقدامات لازم ہیں۔ تلنگانہ کے تمام اضلاع میں اردو مترجم اور اردو واقف کار عوامی رابطہ افسر کے تقررات پر بھی ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات لازم ہیں۔ وقف جائیدادوں کے تحفظ کے ضمن میں دیئے گئے تیقنات کی روشنی میں وقف بورڈ کو عاملانہ اختیارات جلد سے جلد دیئے جانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر وقف جائیدادوں پر قابض افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ کے شہروں میں پھیلی ہوئی ہزاروں وقف جائیدادوں کی حصار بندی کے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔