تلنگانہ میں اراضی اسکامس کے خلاف مرکز سے کانگریس کی نمائندگی

پردیش کانگریس قائدین کی دہلی روانگی ، آج مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے کانگریس قائدین آج دہلی روانہ ہوں گے ۔ اپوزیشن کی صدارت امیدوار میراکمار کے پرچہ نامزدگی پر دستخط کریں گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سے ملاقات کرتے ہوئے میاں پور کے علاوہ دوسرے اراضیات اسکام پر یادداشت پیش کریں گے ۔ 29 جون کو سوریہ پیٹ میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کریں گے ۔ واضح رہے کہ 17 اپوزیشن جماعتوں نے میرا کمار کو صدارتی امیدوار بنایا ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین دہلی پہونچکر میرا کمار کے پرچہ نامزدگی پر دستخط کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ملاقات کے لیے وقت طلب کیا ہے ۔ انہیں بتایا کہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین دو دن دہلی میں رہیں گے ۔ جب بھی ملاقات کے لیے وقت دیا جائے گا پہونچکر ملاقات کریں گے ۔ میاں پور کے علاوہ دوسرے علاقوں میں پیش آئے اراضی اسکام پر تفصیلی یادداشت پیش کریں گے ۔ ساتھ ہی ریاست کی تازہ صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 29 جون کو کانگریس رابطہ کمیٹی کا اجلاس سوریہ پیٹ میں منعقد کیا جارہا ہے ۔ جس میں جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجئے سنگھ سکریٹری آر سی کنٹیا کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ساتھ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدور اور جنرل سکریٹریز بھی شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں صدارتی انتخابات میاں پور اراضی اسکام ، راہول سندیش یاترا ، ریاستی حکومت کی کارکردگی ، پارٹی کے استحکام ، قائدین کے درمیان رابطہ و تال میل کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ کانگریس پارٹی تلنگانہ میں انتخابی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہے ۔ پنجاب میں تیار کیے گئے سیاسی منصوبے کو تلنگانہ میں آزمانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ پنجاب میں پسماندہ طبقات ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے لیے مختص کردہ اسمبلی حلقوں پر خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے دو سال قبل ان حلقوں میں انتخابی عمل شروع کیا گیا ۔ اس طرح تلنگانہ کے 31 مختص کردہ اسمبلی حلقوں پر پہلے امیدوار کا اعلان کرنے اور ان حلقوں میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس سلسلے میں کانگریس کے سینئیر قائدین کا ایک اجلاس منعقد ہوچکا ہے جس میں کئی تجاویز وصول ہوئے ہیں ۔۔