تلنگانہ میں اراضیات کے ریکارڈز کی درستگی کا 85فیصد کام مکمل

حیدرآباد 25دسمبر(یواین آئی )تلنگانہ ریاست میں پہلے مرحلے کے اراضی ریکارڈس کی درستگی سروے کا عمل مکمل ہونے کے لئے ابھی 6دن باقی ہیں اب تک صرف 85فیصداراضی ریکارڈس ہی درست کئے گئے ۔ محکمہ ریونیو کے مطابق جملہ 10ہزار873 ریونیودیہاتوں کے منجملہ10,662 دیہاتوں میں ریکارڈس کی درستگی کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔ قریب ایک کروڑ69لاکھ سروے نمبر کے منجملہ ایک کروڑ 68لاکھ سروے نمبر کے ریکارڈس کی جانچ مکمل ہوچکی ہے ۔ جن میں ایک کروڑ 22لاکھ ریکارڈس کو درست قراردیاگیا۔ ذرائع کے مطابق ریکارڈس کی درستگی کے دوران متنازعہ ریکارڈ س وقف اراضیات کے ہیں۔ جن ریکارڈس کی درستگی کا کام ابھی باقی ہے اس سلسلے میں وقف بورڈ کے پاس کوئی تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ ذمہ داروں کا کہناہے کہ 31ڈسمبر تک موقوفہ اراضیات کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ جس کے بعدہی پتہ چلے گاکہ متنازعہ موقوفہ اراضیات کے ریکارڈس کتنے ہیں۔ محکمہ ریونیو کے مطابق 30اضلاع میں 85فیصد،نواضلاع میں90 فیصد، اور سب سے کم کھمم میں 49فیصد ریکارڈس کی درستگی کی گئی ہے ۔ جبکہ جگتیال اوررنگاریڈی میں 99فیصدکام پوراہوا۔