حیدرآباد ۔30اپریل ( این ایس ایس ) وزیر صحت ڈاکٹر سی لکشما ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں یکم مئی سے شروع کئے جانے والے ’’ کنٹی ویلوگو‘‘ پروگرام کا مقصد ریاست کے ہر فرد کو آنکھوں کے علاج و بہتر دیکھ بھال کی تمام ضروری خدمات فراہم کرنا ہے ۔ امراض چشم سے متاثر افرد کے معائنوں کے بعد بشرط ضرورت انہیں مفت عینکیں دی جائیں گی ۔ ان مریضوں کو دی جانے والی عینکوں کی خریدی کیلئے ٹنڈڑوں کی اجرائی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس پروگرام کو وقار کے مسئلہ کے طور پر قبول کیا اور عہدیداروں کو چاہیئے کہ اس کار خیر کیلئے خود کو وقف کردیں ۔ وزیر صحت نے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف فیملی ویلفیر میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران افسران صحت و طبابت ‘ میڈیکل کلاجوں کے انتظامیہ جات کے نمائندوں ‘ ماہر امراض چشم ‘ غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور دوسروں کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔