حکومت آندھرا پردیش کی کوششوں کے خلاف انتباہ ، سرینواس گوڑ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ریاست تلنگانہ میں تعیناتی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ تلنگانہ ملازمین یونین قائدین بشمول مسٹر سرینواس گوڑ ، رکن اسمبلی و اعزازی صدر تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے یہ بات کہی اور حکومت آندھرا پردیش کی ان کوششوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت انتباہ بھی دیا ۔ آج یہاں چیف سکریٹری حکومت آندھرا پردیش مسٹر ایس پی ٹھکرے مسٹر سرینواس گوڑ اور دیگر قائدین نے ملاقات کر کے آندھرا پردیش ریاست سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو دوبارہ ریاست تلنگانہ میں تعینات کرنے کی کی جانے والی کوششوں کے لیے سخت احتجاج کرتے ہوئے نمائندگی کی اور آندھرائی ملازمین کو تلنگانہ میں تعینات نہ کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے چیف سکریٹری آندھرا پردیش کو بتایا کہ درحقیقت علحدہ ریاست تلنگانہ کی جدوجہد محض تلنگانہ عوام کو ملازمتیں فراہم کرنے کے مطالبہ پر ہی کی گئی ۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ عمداً سرکاری ملازمین کی تقسیم کے معاملہ میں ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کررہی ہے ۔ رکن اسمبلی مسٹر سرینواس گوڑ نے تلنگانہ و آندھرائی ملازمین کی تقسیم کے لیے کملاناتھن کمیٹی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ڈھائی سال سے کملاناتھن کمیٹی ملازمین کی منصفانہ تقسیم کے معاملہ میں وقت گزاری کررہی ہے ۔ اور کمیٹی کی مدت میں مزید توسیع کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو مکتوب روانہ کرنے کی سختی کے ساتھ مخالفت کی اور سرکاری ملازمین کی تقسیم کے عمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کا کمیٹی سے مطالبہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں نئے اضلاع کی تشکیل عمل میں آنے پر نئے اضلاع کے لیے عہدیداروں کی سخت ضرورت رہے گی ۔ مسٹر سرینواس گوڑ نے کوئی نہ کوئی بہانہ بناکر سرکاری ملازمین کی تقسیم میں عمداً تاخیر کرنے کمیٹی کی کوششوں پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ایک ماہ میں سرکاری ملازمین کی تقسیم کے عمل کو مکمل نہ کرنے کی صورت میں بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔۔