تلنگانہ میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کیلئے اراضی کی پیشکش کا خیرمقدم

نئی دہلی۔/5اگسٹ، ( پی ٹی آئی) لوک سبھا میں ٹی آر ایس اور تلگودیشم ارکان کے درمیان لفظی جنگ کے دوران حکومت نے آج آندھرا پردیش ہائی کورٹ کیلئے حیدرآباد میں ایک علحدہ اراضی فراہم کرنے حکومت تلنگانہ کی پیشکش کا خیرمقدم کیا ہے۔ آندھرا پردیش ری آرگنائزیشن قانون کے تحت حیدرآباد میں واقع ہائی کورٹ ریاست تلنگانہ کا ہوگا جبکہ آندھرا پردیش کو ایک علحدہ ہائی کورٹ قائم کرنا ہوگا۔ فی الحال دونوں ریاستیں موجودہ ہائی کورٹ میں کام کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس ارکان کی جانب سے علحدہ تلنگانہ ہائی کورٹ کا مطالبہ کرنے پر تلگودیشم اور سرکاری بنچوں کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی تاہم وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑ نے کہا کہ آندھرا پردیش حکومت کو اپنے علاقہ میں ہی مناسب جگہ تلاش کرنی ہوگی اس کے علاوہ ججس اور اسٹاف کیلئے رہائشی کوارٹرس بھی فراہم کرنے ہوں گے۔