تلنگانہ میں آندھرائی گاڑیوں پر داخلہ ٹیکس

تلنگانہ لاری اونرس اسوسی ایشن کی مخالفت
حیدرآباد ۔ 3۔ اپریل : ( این ایس ایس) : آندھرا پردیش سے تلنگانہ میں گاڑیوں کے داخلہ پر داخلہ ٹیکس متعارف کرنے کے تلنگانہ اسٹیٹ کے فیصلہ پر تلنگانہ لاری اونرس اسوسی ایشن نے کہا کہ وہ اس کی مخالف ہے ۔ جمعرات کو اسوسی ایشن نے تلنگانہ ریاست کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس تعلق سے جاری کردہ جی او 15 واپس لے ۔ لاری مالکین نے کہا کہ فیصلہ لینے سے قبل حکومت نے اسوسی ایشن سے ربط قائم نہیں کیا ہے اور حکومت سے سوال کیا کہ وہ حقیر 40 کروڑ روپئے کے لیے کیوں ہنگامہ کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت سے استفسار کیا کہ 40 کروڑ روپئے حکومت کے لیے کس طرح قابل استعمال ہیں جس نے 1.16 لاکھ کروڑ کا بجٹ متعارف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاری مالکین پہلے ہی سے مسائل میں گھرے ہیں اور حکومت کی جانب سے نئے ٹیکسیس متعارف کرتے ہوئے نئے مسائل پیدا کرنا مناسب نہیں ہے ۔ لاری اونرس اسوسی ایشن نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت مالیہ کے لیے تلگو عوام میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔۔