بجٹ میں ہزار کروڑ مختص ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے بجٹ میں آر ٹی سی کو 1000 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں ۔ آر ٹی سی کو ترقی دینے کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر ترقیاتی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ آج یادگیری گٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں آر ٹی سی کو بہت زیادہ نقصان پہونچا تھا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر تلنگانہ آر ٹی سی کو خسارے سے باہر نکالنے اور ایمپلائز کی ترقی و بہبود کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہے ہیں ۔ مزدوروں کو آرام فراہم کرنے کے لیے ریسٹ رومس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ ریاست کے تمام آر ٹی سی ڈپوز میں سہولتیں فراہم کرنے کے لیے 135 کروڑ روپئے منظور کئے جائیں گے ۔ اندرون 2 سال تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ ریاست تلنگانہ میں جملہ 97 ڈپوز ہیں جن میں 27 ڈپوز فائدے میں چل رہے ہیں ۔ ماباقی 63 ڈپوز نقصان کا شکار ہے ۔ ان ڈپوز کے نقصانات کو گھٹانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ مہیندر ریڈی نے بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے یادگیری گٹہ بس ڈپو کو ترقی دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اس ڈپو کو مزید 15 ایکڑ اراضی مختص کرتے ہوئے 25 نئی بسیں فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریاست کے ہر گاؤں کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے آر ٹی سی کام کررہی ہے ۔ ریاست کے کئی دیہی علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالت تھی ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں کو شہروں سے جوڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر سڑکوں کا نیٹ ورک توسع دیا جارہا ہے ۔ 920 گاؤں میں سڑکوں کی سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ تعمیری کاموں کی تکمیل کے بعد ان سڑکوں پر آر ٹی سی بسیں چلاتے ہوئے عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔۔