تلنگانہ میں آج نیٹ 2019 امتحان ، سخت انتظامات

طلبہ کو امتحان کے وقت سے دو گھنٹے قبل مراکز پر پہنچ جانا لازمی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( این ایس ایس ) : ریاست تلنگانہ میں اتوار کو نیٹ (نیشنل ایلیجبلٹی کم انٹرنس ٹسٹ ) 2019 کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ریاست میں اس امتحان میں تقریبا 80 ہزار طلبہ شرکت کررہے ہیں ۔ سی بی ایس ای نے جو یہ ٹسٹ منعقد کررہا ہے ، اس کے لیے حیدرآباد ، ورنگل ، کریم نگر اور کھمم میں سنٹرس قائم کئے ہیں ۔ سی بی ایس ای نے اس سال کے امتحان کے لیے سخت قواعد اور رہنمایانہ خطوط بنائے ہیں تاکہ کوئی مسائل نہ ہونے پائے ۔ ان قواعد اور رہنمایانہ خطوط کے مطابق ان امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو امتحان کے شیڈول وقت سے دو گھنٹے قبل ان کے سنٹرس پر پہنچ جانا ہوگا ۔ انہیں امتحان کے وقت سے آدھا گھنٹہ پہلے تک امتحانی مرکز میں جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ یہ امتحان دوپہر میں 2 بجے دن تا 5 بجے شام منعقد ہوگا اور طلبہ کو 1-30 بجے دن تک سنٹر میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی ۔ اتھارٹیز نے طلبہ سے یہ بھی واضح طور پر کہا کہ وہ ان کے ساتھ کوئی چیز نہ رکھیں بشمول پین ، پنسل ، کیلکولیٹر ، پانی اور غذائی اشیاء ۔ تاہم ذیابیطس سے متاثرہ طلبہ کی صورت میں قواعد میں نرمی ہوگی ۔ انہیں ان کے ساتھ ان کی ریگولر دوائیں اور غذائی اشیاء رکھنے کی اجازت ہوگی ۔ بشرطیکہ وہ ان کے امتحانی مرکز پر متعلقہ اتھارٹیز سے پیشگی اجازت حاصل کی ہو ۔ اس امتحان کے نتائج کا 5 جون کو اعلان کیاجائے گا ۔۔