تلنگانہ میں آج شام انتخابی مہم کا اختتام

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں پہلے مرحلے کے تحت علاقہ تلنگانہ کے 17 لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات کے لئے 30 اپریل کو منعقد ہونے والے انتخابات کی 28 اپریل کو چار بجے شام انتخابی مہم کا اختتام عمل میں آئے گا اور اس وقت کے گذرنے کے بعد کسی بھی نوعیت کی انتخابی مہم چلانے کی ہرگز کسی کو اجازت نہیں رہے گی ۔ انتخابی وقت کے ختم ہوجانے کے بعد انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی کے ساتھ عمل آوری کرنے کی تمام ضلع کلکٹروں و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کو سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پہلے مرحلہ کے تحت منعقد ہونے والے انتخابات سے متعلق تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور 29 اپریل کو انتخابی ڈیوٹی پر تعینات کئے گئے تمام عہدیداروں و ملازمین کو انہیں تعینات کردہ مراکز رائے دہی پر روانہ ہونے کیلئے انتخابی عمل کیلئے درکار تمام اشیاء بشمول الیکٹرانک ووٹنگ مشینس حوالہ کئے جائیں گے ۔ ہر مرکز رائے دہی پر الیکشن ڈیوٹی پر تعینات عہدیداروں کے علاوہ پولیس کانسٹبلس و ہوم گارڈ بھی تعلینات رہیں گے اور انتخابات کے آزادانہ و منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ٹریننگ کلاسیس کے دوران ضروری ہدایات دی گئی ہیں ۔

آج شب اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی چیف الکٹورل آفیسر مسٹر بھنور لعل نے یہ بات کہی اور بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت منعقد ہونے والے انتخابات میں 15 سے زائد مقابلہ کرنے والے امیدوار 8 لوک سبھا حلقہ جات اور 31 اسمبلی حلقہ جات میں پائے جاتے ہیں جس میںبالخصوص حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ سرفہرست ہے جہاں 32 امیدوار انتخابی مقابلہ میں پائے جاتے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے 17 لوک سبھا حلقہ جات کیلئے جملہ 265 امیدوار اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے جملہ 1669 انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائیں گے ۔ جبکہ پہلے مرحلہ کے تحت 17 لوک سبھا اور 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے جملہ 30518 مراکز رائے دہی قائم کئے گئے ہیں اور پہلے مرحلہ میں جملہ 2,81,74055ووٹرس اپنے حق رائے دہ سے استفادہ کرنے کے اہل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مدکورہ پولنگ اسٹیشن کی تعداد کے منجملہ 20 ہزار مراکز رائے دہی میں مکمل لائیو ویب کاسٹنگ اور مابقی مراکز رائے دہی میں ویڈیو گرافی کروائی جاے گی اور ہر جگہ مائیکرو آبزرورس کو بھی تعینات کیا گیا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی مہم کا وقت ختم ہوجانے کے بعد گیسٹ ہاوز ،کلیان منڈپمس ،کمیونٹی ہالس،ریسیڈنشیل اسکولوں وغیرہ پر گہری نظر رکھنے اور کسی کو بھی رہنے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت دی اور کوئی غیر مقامی افراد جو کہ اس حلقہ کے رائے دہندے نہ ہوں انہیں اس علاقہ میں مقیم رہنے کی اجازت بھی نہ دینے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مسٹر بھنور لعل نے مزید بتایا کہ غیر مجاز طور پر منتقل کی جانے والی رقومات کا انسداد کرنے کیلئے گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران آج تک جملہ 125,31,49,842 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ہیں اور 4,57,582 لاکھ لیٹرس غیر مجاز شراب کو بھی ضبط کیا گیا ۔ 33941 کیسس درج کئے گئے 15170 افراد کو گرفتار کیا گیا اس کے علاوہ 74.2 کیلو سونا اور 768 کیلو چاندی بھی ضبط کی گئی اور 8357 بیلٹ شاپس (غیر مجاز شراب کی دوکانوں) کو بند کردیا گیا ۔