تلنگانہ میں آج انٹر میڈیٹ امتحانات ملتوی

حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے 29مئی کو تلنگانہ بند کے پیش نظر طلباء کو ہونے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے تلنگانہ اضلاع میں 29مئی کو منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ سال اول و دوم اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔مسٹر سرینواس راؤ پبلک ریلیشنز آفیسر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد نے یہ بات بتائی۔

انٹر میڈیٹ پرچوں کا افشاء: ایک عہدیدار برطرف
حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی سطح پر جاری انٹرمیڈیٹ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کے پرچہ سوالات کے افشاء کے واقعہ میں مبینہ طور پر ملوث پائے جانے والے وینکٹ رامیا ریجنل انسپکٹنگ آفیسر انٹر میڈیٹ ایجوکیشن ضلع کرشنا کو خدمات سے ہٹادیا گیا۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اڈوانسڈ انٹر میڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات کے سلسلہ میں ضلع کرشنا کے گڈی واڑہ میں انٹر میڈیٹ امتحانی پرچہ سوالات کے افشاء ( لیک ) ہونے کا واقعہ پیش آیا۔