حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ کے بیشتر دیہاتوں میں بورویل کی کندیدگی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ کے 1358 دیہاتوں میں پینے کے پانی کی غرض کے علاوہ کسی اور کام کے لیے بورویل کی کھدائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ یہ پابندی تلنگانہ اسٹیٹ واٹر لینڈ اینڈ ٹریز دفعہ 2002 کے تحت کی گئی ہے اس پر 2013 میں ریاست میں جاری کردہ اس فہرست کے حساب سے عائد ہوگی جس میں زیر زمین پانی کے استعمال کے لحاظ سے دیہاتوں کے نام شامل کئے گئے تھے ۔ سدی پیٹ کا نام اس فہرست میں سرفہرست ہے کیوں کہ یہاں زیر زمین پانی کے استعمال کرنے کی شرح تشویش ناک حد تک آگے بڑھ چکی ہے ۔ رنگاریڈی میں 120 دیہاتوں کے علاوہ جگتیال کے 116 دیہاتوں میں بھی یہ پابندی عائد رہے گی ۔ یاد رہے کہ 2009-10 کے عرصے میں جاری کردہ تفصیلات کے بعد بورویل کی کندیدگی پر 1057 دیہاتوں میں پابندی عائد کی گئی تھی لیکن اس میں اب تیزی سے اضافہ ہورہا ہے کیوں کہ کئی دیہاتوں میں زیر زمین پانی کی سطح تشویش ناک حد تک بڑھ چکی ہے ۔ تشویش ناک پہلو یہ بھی ہے کہ دیہاتوں میں عائد پابندی کی فہرست میں مزید دیہاتوں کا اضافہ ممکن ہے چونکہ 2017 میں جاری کردہ رپورٹ میں کئی اور دیہاتوں کے نام سامنے آئے ہیں جہاں زیر زمین پانی کی سطح میں کمی ہورہی ہے ۔۔