مادھا پور میں فائیو اسٹار ہوٹل کے لیے حکومت کی منظوری ، کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج کہا کہ آئی ٹی سی لمٹیڈ نے ریاست تلنگانہ میں ایک فوڈ پروسیسنگ پارک قائم کرنے میں دلچسپی دکھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہاں مادھا پور میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل قائم کرنے اس کمپنی کے ہوٹل ڈیویژن کی تجویز کو منظوری دے دی ۔ پیاکیچنگ پر ایک نیشنل کانفرنس کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وہ ( آئی ٹی سی ) ایک فوڈ پروسیسنگ پارک کے قیام کی تجویز کے ساتھ ہم سے رجوع ہوئے ہم نے انہیں مشورہ دیا کہ اسے گجویل کے قریب قائم کریں کیوں کہ یہ ریاست کے دارالحکومت حیدرآباد سے قریب ہے اور یہ مقام اس کے لیے زیادہ بہتر ہے ۔ تاہم وزیر موصوف نے آئی ٹی سی کی سرمایہ کاری تجویز کے بارے میں انکشاف نہیں کیا اور کہا کہ بات چیت ابھی ابتدائی مرحلہ میں ہے ۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ آئی ٹی سی گروپ کی جانب سے توقع ہے کہ مجوزہ ہوٹل کے لیے 700 کروڑ روپئے کا سرمایہ لگایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے ہی بھدرا چلم میں آئی ٹی سی کے موجودہ پیپر پلانٹ کی 3000 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے ساتھ توسیع کے لیے تجاویز موصول ہوچکی ہیں ۔۔