حیدرآباد۔/25فبروری ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئی سیٹ 2015 کا 22مئی کو انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس سلسلہ میں انچارج وائس چانسلر کاکتیہ یونیورسٹی مسٹر ویرا ریڈی نے آئی سیٹ 2015 کے شیڈول کو جاری کیا اور بتایا کہ آئی سیٹ میں شرکت کے اہل طلباء کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 9اپریل ہوگی جبکہ 30اپریل سے آئی سیٹ میں شرکت کرنے والے طلباء کے ہال ٹکٹس کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔22مئی کو آئی سیٹ منعقد ہونے کے بعد 9جون کو آئی سیٹ کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
اے پی میں 10مئی کو ایمسیٹ
حیدرآباد۔/25فبروری، ( پی ٹی آئی) حکومت آندھرا پردیش نے انجینئرنگ اور دیگر پروفیشنل کورسیس میں داخلہ کیلئے انٹرنس ٹسٹ 10مئی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر فروغ انسانی وسائل جی سرینواس راؤ نے وشاکھاپٹنم میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ، اگریکلچر، میڈیسن کامن انٹرنس ٹسٹ ( ایمسیٹ ) 10مئی کو منعقد ہوگا۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ علحدہ ٹسٹ منعقد کرنے کا یکطرفہ طور پر فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے اپنے طور پر 14مئی کو ٹسٹ منعقد کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ حکومت آندھرا پردیش نے اس مسئلہ پر تلنگانہ کے ساتھ جاری تنازعہ کے بعد اپنے طور پر ٹسٹ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ دونوں ریاستیں اس مسئلہ پر اتفاق رائے میں ناکام رہیں۔