تلنگانہ میں آئی آئی ایم کے قیام کیلئے مرکز سے نمائندگی

وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کو یادداشت پیش کی
حیدرآباد۔/28جولائی، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری نے آج دہلی میں وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی سے ملاقات کی اور تلنگانہ میں IIM کے قیام کیلئے نمائندگی کی۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے سمرتی ایرانی کو یادداشت پیش کی۔ بعد میں میڈیا بات کرتے ہوئے کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ میںIIM کے قیام سے طلبہ کو کافی سہولت ہوگی اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں نئے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ لوک سبھا بھونگیر کے کسی موزوں مقام پر قیام کی سفارش کی گئی ہے۔ سابق میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم مودی کو مکتوب روانہ کیا تھا۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ IIMکے قیام کے سلسلہ میں بجٹ کی منظوری کیلئے وزیر فینانس ارون جیٹلی کو مکتوب روانہ کریں۔ آئندہ سال بجٹ میں اس ادارہ کے قیام کیلئے درکار رقم منظور کی جانی چاہیئے۔ ایرانی نے سری ہری کو تیقن دیا کہ وہ تلنگانہ میں اس ادارہ کے قیام کیلئے تعاون کریں گی۔ سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تعلیمی شعبہ میں بہتر مواقع فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ تعلیمی معیار میں اضافہ اور تعلیمی اداروں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو چاہیئے کہ وہ نو قائم شدہ ریاست تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ریاست سے ہر ممکن تعاون کریں۔