تلنگانہ میں آئندہ چند دن تک شدید گرمی کی لہر

حیدرآباد 16 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں تک گرمی کی شدید لہر جاری رہے گی۔ میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے سائنسداں ناگا رتنا نے کہا کہ تلنگانہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ بعض علاقوں میں اس وقت 45 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نظام آباد میں 43.4 ، عادل آباد میں 43.3 ، نلگنڈہ میں 43.2 درجہ حرارت رہا جبکہ حیدرآباد میں درجہ حرارت میں معمولی کمی آئی جہاں 40.3 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے بتایا کہ گرمی کے جاری رہنے کے دوران تلنگانہ کے بعض علاقوں میں ہلکی اور اوسط درجہ کی بارش ہوگی ۔ ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ شمال مغربی حصہ سے آنے والی گرم لو کی وجہ سے ریاست گرمی کی لپیٹ میں ہے۔