یدادری الٹرا میگا پاور پلانٹ کے لیے رقم جاری ، چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر آئندہ سال سے بلا وقفہ 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات کو قطعیت دے دی ہے ۔ یدادری الٹرا میگا پاور پلانٹ کی تعمیر کے لیے پہلی قسط کے طور پر بی ایچ ای ایل کو 417.16 کروڑ روپئے کا چیک حوالے کردیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے آج ایک اجلاس طلب کیا جس میں بی ایچ ای ایل کے سی ایم ڈی اتل سوبٹی ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی حکومت کے چیف سکریٹری ایس پی سنگھ کے علاوہ دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ حکومت دامرچرلہ میں 4 ہزار میگاواٹ پر مشتمل یدادری الٹرا میگا پاور پلانٹ تعمیر کرنے کی ذمہ داری بی ایچ ای ایل کو سونپی ہے ۔ پراجکٹ کی مکمل لاگت 20 ہزار 370 کروڑ روپئے ہے جس کی پہلی قسط کے طور پر کے سی آر نے آج بی ایچ ای ایل کے سی ایم ڈی کو 417.16 کروڑ روپئے کا چیک حوالے کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال سے تلنگانہ میں برقی کی طلب میں زبردست اضافہ ہوجائے گا ۔ اس کو نظر میں رکھتے ہوئے برقی کی پیداوار کو مقررہ وقت میں تکمیل کرنے کی ہدایت دی ۔ کے سی آر نے کہا کہ یدادری الٹرا میگا پاور پلانٹ کی تعمیرات کے لیے حصول اراضیات کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ ماحولیات کے علاوہ دوسری تمام منظوریاں حاصل ہوگئی ہیں ۔ لہذا تین سال میں برقی پلانٹ کی تعمیر کو یقینی بنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ کاموں میں تاخیر اور غفلت وغیرہ کو دور کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ نے اس پاور پلانٹ کے تعمیر کی ذمہ داری سرکاری شعبہ کے ادارے بی ایچ ای ایل کو سونپی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ مستقبل کا ویژن تیار کرتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ 2014 سے قبل برقی کی صورتحال کیا تھی اب کیا ہے ۔ ریاست کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں ۔ تلنگانہ میں برقی کے مسائل کو بڑی حد تک دور کیا گیا ہے ۔ ریاست کو فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاست کے طور پر ترقی دینے کے لیے منصوبہ بندی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے تعمیری کاموں میں معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو بتایا کہ وہ آئندہ سال مارچ 2018 سے زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ اس کے علاوہ دوسری ضرورتوں کے لیے بھی برقی کی طلب میں اضافہ ہوگا ۔ آئندہ سال تلنگانہ میں مزید 3 ہزار 500 میگا واٹ برقی کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا ۔ ان تمام پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے برقی پیداوار میں اضافہ کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تمام برقی پلانٹس میں سب سے زیادہ اہم یدادری برقی پلانٹ ہے 5 یونٹس پر مشتمل 800 میگا واٹ برقی پلانٹ کی تعمیرات کو اندرون تین سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ کتہ گوڑم ، منگوڑ میں بھی برقی پلانٹس تعمیر کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ نے بتایا کہ کتہ گوڑم میں 800 میگاواٹ پاور پلانٹ کی تعمیرات آئندہ دو تا تین ماہ میں مکمل ہوجائیں گی ساتھ ہی آئندہ سال منگوڑ میں بھی برقی پلانٹ کی تعمیرات تکمیل کو پہونچے گی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کے ساتھ ساتھ لفٹ اریگیشن پراجکٹس ، مشین بھاگیرتا ، صنعتوں ، میٹرو ٹرین کے علاوہ دوسری ضرورت کے لیے ڈیمانڈ کے مطابق برقی تیار کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔۔