حیدرآباد۔/5ستمبر، ( سیاست نیوز) اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں ، اساتذہ کی تربیت طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر شہرت کی ضامن ثابت ہوتی ہے۔ اساتذہ ریاست کو بین الاقوامی شہرت یافتہ بنانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج رویندرابھارتی تھیٹر میں یوم اساتذہ تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مائیں انسان کو جنم دیتی ہیں جبکہ اساتذہ انہیں زندگی دیتے ہیں۔ چیف منسٹر نے اساتذہ کی اہمیت کو گرانقدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی جانب سے طلبہ کی تربیت کیلئے جو کوششیں کی جاتی ہیں اس کا کوئی نعم البدل ثابت نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے ڈاکٹر ایس رادھا کرشنن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کی ملک و قوم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے آئندہ تعلیمی سال سے مفت لازمی تعلیم کو تلنگانہ میں روشناس کروانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ آئندہ تعلیمی سال سے مفت انگریزی میڈیم کی لازمی تعلیم کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انگریزی میڈیم کی لازمی تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر زبانوں بالخصوص تلگو وغیرہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے موجودہ مقام کو اساتذہ کی مرہون منت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ رہبری کے باعث آج وہ اس مقام پر ہیں۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے زمانہ تعلیم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس وقت تعلیم حاصل کیا کرتے تھے اس وقت انہیں ایسے شفیق اساتذہ ملے جو بغیر کسی فیس کے تعلیم دیا کرتے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر موجود اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ریاست تلنگانہ کی ترقی اور ریاست کا نام روشن کرنے والے طلبہ تیار کرنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریاست کی اساتذہ برادری کی جانب سے تلنگانہ کو عالمی سطح پر پُروقار ریاست کے طور پر پیش کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جائے گا۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کے تمام اساتذہ کو یوم اساتذہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بہترین اساتذہ کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب میں موجود وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت کے منصوبوں کو قابل عمل بنانے میں اساتذہ کا انتہائی اہم رول ہوتا ہے اسی لئے اساتذہ کو چاہیئے کہ وہ نہ صرف تعلیم کی فراہمی پر توجہ دیں بلکہ اچھے شہری تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔ وزیر تعلیم نے تلنگانہ کے جامع سروے کے دوران اساتذہ کی خدمات کو قابل قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی ترقی میں اساتذہ کا جو کردار ہوتا ہے اسے حکومت فراموش نہیں کرسکتی۔ یوم اساتذہ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی، ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی کے علاوہ دیگر وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ رویندرا بھارتی میں منعقدہ اس سرکاری تقریب میں اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔