تلنگانہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجس میں کونسلنگ کا آغاز

حیدرآباد۔/29جولائی، ( آئی این این) ریاست تلنگانہ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ کا آج آغاز ہوا۔ چار مراکز بشمول حیدرآباد میں واقع 2اور ورنگل میں ایک مرکز کے علاوہ این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس وجئے واڑہ میں کونسلنگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آج پہلے دن اے بی وی پی اور ایس ایف آئی کے طلباء نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ جے این ٹی یو کونسلنگ سنٹر پر انہوں نے میڈیکل فیس میں اضافہ پر شدید احتجاج کیا اور ریاستی حکومت سے فوری فیس میں کمی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے بعض احتجاجیوں کو تحویل میں لے لیا جبکہ وہ رکاوٹیں عبور کرکے کونسلنگ سنٹر میں گھسنے کی کوشش کررہے تھے۔ این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت وائس چانسلر روی راجو نے جے این ٹی یو سنٹر سے کونسلنگ کی نگرانی کی۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ صبح میں 1تا 500 رینک کے امیدواروں کی کونسلنگ کی گئی جبکہ 501تا 1000 رینک لانے والے امیدواروں کی کونسلنگ دوپہر کے سیشن میں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کے باوجود کونسلنگ اطمینان بخش رہی۔ انہوں نے بتایا کہ غیر مختص زمرہ میں 15فیصد کوٹہ آندھرا پردیش کے اُن طلبہ کیلئے مختص کیا گیا ہے جو تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں داخلہ کے خواہاں ہیں۔ اسی طرح آندھرا پردیش کالجس میں تلنگانہ طلبہ کیلئے 15فیصد کوٹہ فراہم کیا جارہا ہے۔