اسوسی ایشن کی ڈائری کا رسم اجراء ، سوامی گوڑ ، سرینواس گوڑ اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : صدر نشین قانون ساز کونسل تلنگانہ مسٹر سوامی گوڑ نے تلنگانہ میونسپل ایمپلائز اینڈ ورکرس اسوسی ایشن کو تیقن دیا کہ وہ انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی سے متعلق چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کر کے ملازمین کے مسائل کے حل کی مساعی کریں گے ۔ جب کہ چندر شیکھر راؤ خود میونسپل ملازمین اور ورکرس کے حل طلب مسائل بخوبی واقف ہیں اور وہ مسائل کا ہر زاویہ سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ مسٹر سوامی گوڑ آج اندرا پریہ درشنی آڈیٹوریم میں اسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ چوتھی اسٹیٹ کانفرنس کے موقع پر تلنگانہ اسوسی ایشن کی تلنگانہ ڈائری 2015 کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد بحیثیت مہمان خصوصی مخاطب تھے ۔ انہوں نے تحریک تلنگانہ میں میونسپل ملازمین اور ورکرس کی جانب سے اہم رول ادا کرنے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل ملازمین نے جس امید سے تحریک میں حصہ لیا تھا ان کی امیدوں پر پانی نہیں پھیرا جائے گا بلکہ انہیں ان کی وابستہ امیدوں کو حقیقت میں بدل دیا جائے گا ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کی ترقی ، عوام کی فلاح و بہبود بشمول ملازمین کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے پابند عہد ہیں اور چیف منسٹر جدید ریاست تلنگانہ کو درپیش چیالنجس سے نمٹنے کی جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ کو ترقی کی راہ گامزن کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیا جاسکے ۔ اس موقع پر پارلیمنٹری سکریٹری مسٹر وی سرینواس گوڑ نے میونسپل ایمپلائز اینڈ ورکرس کو تیقن دیا کہ وہ انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کر کے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔ اس موقع پر صدر ٹی این جی اوز مسٹر دیوی پرساد نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میونسپل ملازمین اور ورکرس کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے ضروری اقدامات کرنے سے متعلق مسائل کو حکومت کے علم میں لایا جائے گا ۔ چیرمین پریس اکیڈیمی تلنگانہ مسٹر الم نارائنا نے کہا کہ حکومت تلنگانہ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تحریک تلنگانہ میں حصہ لینے والے تمام ملازمین کے مسائل کے حل کو یقینی بنائے ۔ اس موقع پر انقلابی شاعر مسٹر غدر ، چیرمین ودیا ونتولا ویدیکا مسٹر گروجالا رویندر ، جنرل سکریٹری ٹی این جی اوز مسٹر کے رویندر ریڈی ، سی پی آئی قائد ڈی سدھاکر نے بھی مخاطب کیا ۔ قبل ازیں تلنگانہ میونسپل ایمپلائز جے اے سی کا مسٹر تپتی یادو نے اپنے صدارتی خطاب میں میونسپل ملازمین کو درپیش مسائل جیسے کنٹراکٹ ملازمین کو مستقل کرنے ، ہیلت کارڈس جاری کرنے کے علاوہ کنٹراکٹ ورکرس کی تنخواہ میں اضافہ کر کے ماہانہ 15000 روپئے ادا کرنے کا چیف منسٹر تلنگانہ سے مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر میونسپل ایمپلائز اینڈ ورکرس اسوسی ایشن سے وابستہ تمام عہدیداروں اور ورکرس کے علاوہ دیگر اہم قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔۔