تلنگانہ میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس میں بی سی طلبہ کو بھی داخلے

مخلوعہ نشستوں پر داخلہ کے لیے حکومت سے اقدامات
حیدرآباد /18 جولائی ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس میں بی سی طلبہ بھی تعلیم حاصل کریں گے ۔ بی سی ویلفیر ریزیڈنشیل اسکولس میں داخلہ نہ ملنے والے طلبہ کو اقلیتی اقامتی اسکولس میں تعلیم کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ ریاستی حکومت نے اپنے بی سی طلبہ کو موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں اقدامات کا آغاز ہوگا ۔ اقلیتی اقامتی اسکولس میں مخلوعہ نشستوں کو بی سی امیدواروں سے بھرتی کیا جائے گا ۔ ریاست میں بی سی طلبہ کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے فوری طور پر اقدام کیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے بی سی طلبہ کے متعلق اطلاعات میں جانکاری حاصل کی اور اس کے بعد اقلیتی اقامتی اسکولس کے متعلق مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد اس طرح کا اقدام کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس میں تقریباً 2 ہزار نشستیں خالی ہیں ۔ جن پر داخلے نہیں ہوپائے ہیں ۔ حکومت نے اس تعلق سے سکریٹری میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس مسٹر شفیع اللہ سے بات کی اور اطمینان کے بعد 2 ہزار نشستوں کے متعلق سکریٹری بی سی ریزیڈنشیل اسکولس مسٹر ملایا بٹو سے بات کی اور بی سی ویلفیر ہاسٹلس میں داخلہ کیلئے خواہشمند درخواست 2 ہزار امیدواروں کو میناریٹی ریزیڈنشیل اسکولس داخلہ کیلئے روانہ کرنے احکامات دئے اور آئندہ دو دنوں میں یہ عمل مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔