حیدرآباد ۔ 28 ۔ جولائی : ( پی ٹی آئی) : وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ گذشتہ تین سال کے دوران تلنگانہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کو راغب کرسکا ہے ۔ راما راؤ نے جو سی آئی آئی جنوبی علاقائی کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے کہا کہ ریاست میں صنعتی سرمایہ کاری سے بڑے پیمانے پر راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’ انہوں ( کے ٹی آر) نے فارما ، طبی آلات ، خلائی و دفاعی ساز و سامان ، پارچہ ، فوڈ پراسیسنگ اور دیگر شعبوں کے مخصوص صنعتی پارکس کے قیام اور فروغ کے ساتھ حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری میں اضافہ کی کوششوں کو اجاگر کیا ‘ ۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ حیدرآباد ملک کا دوسرا بڑا آئی ٹی مرکز بن گیا ہے ۔ ریاست میں آئی ٹی صنعت نے گذشتہ سال 13 فیصد ترقی کی جب کہ قومی سطح پر اس شعبہ کی ترقی 9 فیصد تھی ۔۔