حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے تمام سرکاری ملازمین ، اساتذہ وغیرہ کیلئے گرانی الاؤنس میں 5.99 فیصد کا اضافہ کرنے کا تلنگانہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور اس گرانی الاؤنس میں اضافہ یکم جولائی سے ہی کیا گیا ہے۔ چیف سکریٹری ریاست تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما نے اس سلسلہ میں آج احکامات جاری کئے۔ سکریٹریٹ کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔
بتکماں تہوار پر سونیاگاندھی کی مبارکباد
حیدرآباد۔یکم اکٹوبر، ( این ایس ایس ) اے آئی سی سی کی صدر سونیا گاندھی نے دسہرہ اور بتکماں تہوار کے موقع پر تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ سونیا گاندھی جنہوں نے تلنگانہ کو علحدہ ریاست کا موقف دیا ہے بالخصوص بتکماں تہوار کے موقع پر نئی ریاست کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ نے سونیا گاندھی سے آج ملاقات کی اور انہیں بتکماں تہوار اور اس کی اہمیت کے بارے میں بتایا ۔ سونیا گاندھی نے بتکما تہوار کے رنگ برنگے پھولوں سے سجا گھڑا اپنے سر پر رکھا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ دسہرہ اور بتکما دونوں ہی ایسے تہوار ہیں جو خاندانی رشتوں، اخوت و محبت کے جذبہ کو فروغ دیتے ہیں۔
خواتین کو 33فیصد تحفظات دینے کا مطالبہ،مودی کو کے سی آر کا مکتوب
حیدرآباد۔ یکم اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کو آج ایک مکتوب تحریرکرکے روانہ کیا اور اس مکتوب میں انہوں نے وزیر اعظم سے قانون ساز اداروں میں پسماندہ طبقات اور خواتین کیلئے33فیصد تحفظات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور قومی سطح پر پسماندہ طبقات کیلئے ایک آزادانہ خصوصی وزارتی عہدہ قائم کرنے کا اس مکتوب کے ذریعہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے مطالبہ کیا گیا اور یاد دلایا کہ اب تک ہی تلنگانہ قانون ساز کونسل نے اس سلسلہ میں قرارداد منظور کرکے روانہ کرچکی ہے۔
لہذا مرکزی حکومت اس سلسلہ میں فی الفور کوئی مثبت فیصلہ و اقدامات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔