حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ ملازمین سے کئے گئے وعدہ کے مطابق تلنگانہ خصوصی انکریمنٹ کی فائیل پر دستخط کردی ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ چندر شیکھر راؤ نے تشکیل تلنگانہ کی مسرت میں ملازمین کو خصوصی انکریمنٹ سے متعلق فائیل کا آج جائزہ لیا اور اسے منظوری دے دی۔ توقع ہے کہ ماہ اگسٹ کی تنخواہ کے ساتھ اس خصوصی انکریمنٹ پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ ملازمین کو خوش کرنے کیلئے چیف منسٹر نے 15اگسٹ سے قبل انکریمنٹ کو منظوری دے دی جس پر تلنگانہ ملازمین کی تنظیموں نے مسرت کا اظہار کیا ہے۔ ملازمین سے کئے گئے وعدوں میں انکریمنٹ اور مقدمات سے دستبرداری اہم وعدے تھے ان میں سے ایک وعدہ کی تکمیل آئندہ ماہ سے ہوگی جبکہ مقدمات سے دستبرداری کا اعلان بھی بہت جلد کیا جاسکتا ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی مقدمات سے دستبرداری کے سلسلہ میں قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔