اے پی مقننہ اجلاس کی 8 ستمبر سے طلبی ، گورنر کا اعلامیہ جاری
حیدرآباد /26 اگست ( پریس نوٹ / سیاست نیوز ) آندھراپردیش و تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے دونوں ریاستوں کے مقننہ اجلاس کی طلبی کیلئے آج الگ الگ اعلامیہ جاری کئے ۔ جن کے مطابق تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کا پانچواں اجلاس 30 اگست منگل کو 11 بجے دن شروع ہوگا ۔ آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا آٹھواں اجلاس 8 ستمبر جمعرات کو صبح 9 بجے شروع ہوگا اور قانون ساز کونسل کا 27 واں اجلاس جمعرات کو ہی 10 بجے دن شروع ہوگا ۔ توقع ہے کہ دونوں ریاستوں کے اسمبلی اجلاسوں میں جی ایس ٹی بل کی توثیق کی جائے گی اور دیگر اہم امور پر بھی غور و بحث کے بعد فیصلے کئے جائیں گے ۔ سیاست نیوز کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جی ایس ٹی بل کی منظوری کیلئے 30اگسٹ کو قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کیمپ آفس میں اس سلسلہ میں وزیر اُمور مقننہ ہریش راؤ، سکریٹری لیجسلیچر راجہ سدارام، ایڈوکیٹ جنرل رام کرشنا ریڈی، سکریٹری قانون سنتوش ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ پارلیمنٹ نے دستوری ترمیم کے ساتھ حال ہی میں جی ایس ٹی قانون کو منظوری دی ہے جس پر عمل آوری کیلئے ریاست کی بعض ریاستوں کی جانب سے منظوری ضروری ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت نے 30اگسٹ کو 11بجے دن دونوں ایوانوں کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسپیکر اسمبلی مدھوسدن چاری اور صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ سے چیف منسٹر نے اجلاس طلب کرنے کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے اسپیکر سے خواہش کی کہ وہ اجلاس میں ایڈوکیٹ جنرل رام کرشنا ریڈی کو خصوصی مدعو کے طور پر موجود رکھیں تاکہ دستوری ترمیم سے متعلق اس بل کے سلسلہ میں کسی بھی شبہات کی وہ وضاحت کرسکیں۔ واضح رہے کہ ملک کی تقریباً 4 ریاستوں نے ابھی تک جی ایس ٹی بل کو منظوری دے دی ہے۔