تلنگانہ مقننہ کا اجلاس منگل تک ملتوی

حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے اجلاس 27 مارچ منگل تک کیلئے ملتوی کردیئے گئے۔ 26 مارچ کو سری راما نوامی کی تعطیل عام کی وجہ سے آج اتوار 25 مارچ کو بھی اسمبلی و کونسل کے اجلاس منعقد کئے گئے تھے۔ ریاستی قانون ساز اسمبلی میں وقفہ سوالات کے بعد مختلف مطالبات زر پر مباحث کے ذریعہ ان تمام مطالبات زر کو منظوری دے دی گئی۔ اس طرح اسمبلی میں مطالبات زر کی منظوری کے بعد اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری نے اور کونسل میں بلوں کی منظوری کے فوری بعد صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے دو ایوانوں کے اجلاس منگل تک کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ مقننہ کے اجلاس 27 مارچ کو 10 بجے دن سے شروع ہوں گے اور ان دونوں ایوانوں میں تصرف بل پر مباحث کے بعد منظور کرلئے جانے کے بعد دونوں ہی اجلاسوں کو غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔