حیدرآباد ۔ 16 جنوری (این ایس ایس) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے آج صاف طور پر کہا کہ اس کے ارکان اسمبلی آندھراپردیش اسٹیٹ ری آرگنائزیشن بل 2013ء پر جسے تلنگانہ بل کہا جارہا ہے، مباحث میں حصہ نہیں لیں گے۔ پارٹی صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے ساتھ منعقدہ پارٹی کے ارکان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے پارٹی کے رکن اسمبلی بی کروناکر ریڈی نے واضح کیا کہ وہ ایوان میں بحیثیت ارکان صرف ان کی رائے کا اظہار کریں گے۔
پارٹی سربراہ کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ کروناکر ریڈی نے یہ بھی کہا کہ وہ مباحث کے دوران اسمبلی میں تلنگانہ بل پر ووٹنگ کیلئے اصرار کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ریاست کی تقسیم کی بالکل مخالف ہے۔ کروناکر ریڈی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی اور صدر تلگودیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو سازباز کی سیاست کررہے ہیں۔ یہ دونوں کسی ووٹنگ کے بغیر تلنگانہ بل صدرجمہوریہ کو واپس بھیجنے کی سازش کررہے ہیں۔