تلنگانہ مسودہ بل پر بحث کے آغاز کا خیرمقدم: ڈگ وجے سنگھ

حیدرآباد /9 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ نے تلنگانہ مسودہ بل پر پارلیمنٹ میں بحث شروع ہونے کا خیر مقدم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس اور مرکزی حکومت نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا اور مسودہ بل اسمبلی پہنچ چکا ہے، اگر بل میں کوئی نقص ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے اور ساتھ ہی ارکان اپنی تجاویز روانہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ صرف اسمبلی کی رائے حاصل کرنے کے لئے مسودہ بل روانہ کیا گیا ہے، لہذا ارکان اپنی رائے 23 جنوری تک پیش کردیں۔

تاہم آئندہ ماہ منعقد شدنی پارلیمانی اجلاس میں مسودہ بل پیش ہوگا یا نہیں؟ وہ اس سے واقف نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے فیصلہ پر قائم ہے، جس میں کوئی تبدیلی نہیں لائی گئی۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر صحت غلام نبی آزاد نے 2014ء کے عام انتخابات سے قبل علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور دو تلگو ریاستوں میں انتخابات اور چونکا دینے والے نتائج کا ادعا کیا ہے۔ اسی دوران پارلیمانی امور کے وزیر کمل ناتھ نے دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ فروری میں پارلیمنٹ کا اجلاس منعقد ہوگا، تاہم تلنگانہ بل کی پیشکشی سے وہ لاعلم ہیں۔