حیدرآباد ۔ 5 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ایس راجیا نے حکومت تلنگانہ کا پہلا بجٹ برائے مالی سال 2014-15 پیش کیا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران مسٹر ایس راجیا نے بجٹ تقریر مکمل کی ۔ کانگریس اراکین قانون ساز کونسل کے علاوہ تلگودیشم ارکان قانون ساز کونسل کی جانب سے کونسل کے آغاز کے ساتھ ہی کسانوں کی خودکشی کے مسئلے پر ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوا ، جس پر صدرنشین تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے متعدد مرتبہ احتجاجی اراکین قانون ساز کونسل سے خواہش کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں تاکہ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ایس راجیا ریاست تلنگانہ کا پہلا بجٹ قانون ساز کونسل میں پیش کرسکیں ۔ لیکن اسی ہنگامہ آرائی کے دوران مسٹر ایس راجیا نے بجٹ 2014-15 کی تقریر مکمل کی ۔ تقریر کے دوران بھی کانگریسی ارکان قانون ساز کونسل کی ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری تھا ۔ ایک موقع پر جناب محمد علی شبیر نے بجٹ دستاویزات کو پھاڑ دیا اور احتجاج میں شدت پیدا کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل پر حکومت سے جواب طلب کرنے کی کوشش کی ۔ کانگریسی ارکان قانون ساز کونسل سیاہ کپڑا گلے میں ڈالے ہوئے تھے اور اُن کے احتجاج میں مسٹر ڈی سرینواس ، جناب فاروق حسین ، مسٹر سدھاکر ریڈی کے علاوہ دیگر ارکان قانون ساز کونسل بھی شامل رہے جو پلے کارڈس تھامے ہوئے تھے ۔