تلنگانہ قائدین کی عنقریب صدرجمہوریہ سے نمائندگی

حیدرآباد۔ 16 جنوری (این ایس ایس) تلنگانہ کی تشکیل کو روکنے کیلئے لمحہ آخر میں سیما۔ آندھرا قائدین پر سازش کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی نے اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کیلئے مزید وقت طلب کرنے پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا قائدین بشمول چیف منسٹر کرن کمار ریڈی، قائد اپوزیشن چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر کانگریس صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی ایوان میں مباحث روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف وہپ نے کہا کہ تلنگانہ قائدین کا وفد عنقریب صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے خواہش کریگا کہ اسمبلی کو دی گئی مہلت میں توسیع نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ صدرجمہوریہ کو مکتوب بھی روانہ کیا جائے گا۔