حیدرآباد۔/17 اپریل، ( پی ٹی آئی ) حکومت تلنگانہ نے تلگو فلمی و ٹیلی ویژن صنعت میں خاتون فنکاروں کو لاحق جنسی ہراسانی کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس ضمن میں حکومت کو سفارشات پیش کرے گی۔ حکومت کی طرف سے اس ماہ جاری کردہ حکمنامہ کے مطابق تلنگانہ اسٹیٹ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر نشین اس کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ تلگو اداکارہ سری ریڈی نے گذشتہ سال فلم چیمبرس آفس کے روبرو برہنہ احتجاج کرتے ہوئے علاقائی فلمی صنعت میں خواتین کو جنسی ہراسانی کا الزام عائد کرنے کے علاوہ مقامی اداکاروں کو خاطر خواہ مواقع فراہم نہ کئے جانے کی شکایت کی تھی۔ سری ریڈی نے علاقائی ( تلگو ) فلمی صنعت میں خاتون فنکاروں کے جنسی استحصال کی شکایت کی تھی۔ ٹالی ووڈ ڈائرکٹر نندنی ریڈی، فلم و ٹیلی ویژن فنکار جھانسی، تلگو فلم چیمبرس آف کامرس کی وائی سپریہ کے علاوہ تلگو فنکار پریتی نگم اور سپریہ ، قلمکار پروچوری گوپال کرشنا، ڈائرکٹرس این شنکر اور تما ریڈی بھردواج اس کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ تلگو فلم اور ٹیلی ویژن صنعت میں خاتون فنکاروں کے تحفظ کیلئے ضروری کارروائی کے ضمن میں حکومت کو مناسب سفارشات دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔