مرکزی وزیر دتاتریہ اور تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹرس کی شرکت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ فزیوتھراپسٹس اسوسی ایشن کے زیر اہتمام 13 دسمبر کو صبح 8 تا 8 بجے شام گاندھی میڈیکل کالج حیدرآباد میں نیشنل فزیوتھراپی کانفرنس 2014 منعقد ہوگی ۔ مہمانان خصوصی مرکزی وزیر مسٹر بنڈارو دتاتریہ ، ڈپٹی چیف منسٹرس ڈاکٹر ٹی راجیا اور محمد محمود علی کے علاوہ مسرز کشن ریڈی ، سدھاکر ریڈی ، بھانود پرساد شرکت کریں گے ۔ اسٹیٹ جنرل سکریٹری تلنگانہ فزیوتھراپسٹس اسوسی ایشن ڈاکٹر لکشمی نرسمہلو ، کارگذار صدر ٹی پی اے ڈاکٹر راجہ سمہن ، خازن ٹی پی اے ڈاکٹر ایم ایس پراوین کمار نے آج یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس کا مقصد ریاست تلنگانہ کے فزیوتھراپسٹس کو درپیش مسائل سے متعلق مرکزی و ریاستی حکومتوں کو واقف کروانا ہے ۔ کانفرنس کے دوران تلنگانہ فزیوتھراپسٹس اسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے 3 مطالبات پر مشتمل تجاویز جن میں فزیوتھراپی کونسل کا قیام ، حکومت کی جانب سے سرکاری فزیوتھراپی کالجس کا قیام اور ملازمت کی فراہمی شامل ہیں رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نیشنل کانفرنس میں ڈاکٹر ٹماوالیس ( یو ایس اے ) اور ڈاکٹر ارون میا ( منی پال ) کے علاوہ دیگر قومی سطح کے قائدین کی بھی شرکت متوقع ہے ۔ اس موقع پر ارکان عاملہ تلنگانہ فزیوتھراپسٹس اسوسی ایشن ڈاکٹر ایم شنکر ، ڈاکٹر این کرشنا موہن ، ڈاکٹر وینکٹیشورلو بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں اس موقع پر متذکرہ اسوسی ایشن کے قائدین نے 13 دسمبر کو منعقد شدنی فرسٹ نیشنل فزیوتھراپی کانفرنس کے بروچر کی رسم اجرائی انجام دی ۔۔