فلم ساز و اداکار سید رفیع کی تہنیتی تقریب، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمدمحمودعلی کا خطاب
حیدرآباد۔8مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کی عوام کے اندر پیدا ہونے والی توقعات کو پورا کرنا حکومت تلنگانہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ آج یہاں سیول سوسائٹی کے زیر اہتمام تلنگانہ کے معروف فلم ساز وادکار سید رفیع کے اعزاز میں منعقدہ تہنیتی تقریب سے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلی تلنگانہ ریاست الحاج محمد محمو دعلی ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔ریٹائرڈ کمشنر کمرشیل ٹیکس ٹی وویک‘ ایس سی‘ ایس ٹی‘ بی سی ‘ مسلم فرنٹ چیف کنونیر ثناء اللہ خان‘ صدرنشین حیدرآباد سریدھر دھرما صنم‘ صدر تلنگانہ آزاد فورس سرینواس بھنڈاری‘ ٹی آر ایس قائدرحیم اللہ خان نیازی‘ خورشید بیگم کے علاوہ دیگر نے بھی اس تقریب سے خطاب کیا۔ جناب محمو دعلی نے اپنی تقریر کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ تلنگانہ کے ہونہار فلم ساز وادکار سید رفیع قابلِ مبارکباد ہیںجنھوں نے وسائل کی کمی کے باوجود ایک بہترین تلگوفلم تیار کی جس میں تلنگانہ اور تلنگانہ کی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو پیش کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی تنظیم کی جانب سے انہیںمیرکل ایوارڈ سے نوازا جانا تلنگانہ اور تلنگانہ کی عوام کے لئے ایک مسرت کی بات ہے۔ جناب محمد محمودعلی نے تلنگانہ کے ایسے قابل او رہونہار نوجوانوں کی ہمت افزائی کوحکومت تلنگانہ کی اولین ترجیح قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ یقینا سیدر فیع نے سنیما کے شعبہ میں وسائل کی کمی کے باوجود نمایاں مقام حاصل کیا جو لائق ستائش ہے۔