تلنگانہ عوام کو پھر ایک مرتبہ سیما آندھرا حکمرانی ناقابل قبول

حیدرآباد ۔26 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام پھر ایک مرتبہ سیما آندھرا قائدین کی حکمرانی کو قبول نہیں کریں گے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کے ان دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا میں تلگو دیشم برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے سبب تشکیل تلنگانہ اور تلگو دیشم کے ذریعہ تلنگانہ کی ترقی ممکن ہونے سے متعلق صدر تلگو دیشم کے دعوے بے بنیاد ہے اور تلنگانہ میں پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے اس طرح کے دعوے کر رہے ہیں۔ محبوب نگر میں کل ایک بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں کئی وعدے کئے۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں اب سیما آندھرا جماعتوں کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور عوام ایسی جماعتوں کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا تلنگانہ سے صفایا ہوجائے گا۔

تلنگانہ میں اصل مقابلہ ٹی آر ایس اور کانگریس کے درمیان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ایک طرف شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں تو دوسری طرف انہوں نے ایک بھی خاندان کے ساتھ آج تک ملاقات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف زبانی طور پر شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کے تحفظ کے دعوے عوام کیلئے قابل بھروسہ نہیں ہیں۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے ساتھ ہی عوام نے ٹی آر ایس کو برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کرلیا ہے کیونکہ صرف ٹی آر ایس کی جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ ریاست حاصل ہوئی اور چندر شیکھر راؤ نئی ریاست کی تعمیر نو میں اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جدوجہد کے دوران عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان وعدوں کی تکمیل صرف کے سی آر کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔