تلنگانہ سے 1800 عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ گئے

تین قافلوں کو حج ہائوز سے وداع کیا گیا، مولانا قبول پاشاہ شطاری اور مفتی تجمل حسین کا خطاب
حیدرآباد۔ 3 اگست (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ سے جملہ چھ قافلوں کے ذریعہ 1800 عازمین حج سعودی عرب روانہ ہوچکے ہیں۔ آج تین قافلوں سے 900 عازمین کی روانگی عمل میں آئی۔ سعودی ایرلائنس کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ تین مختلف اوقات میں عازمین حج کی پروازوں نے اڑان بھری۔ پہلا قافلہ رات دیرگئے 1:30 بجے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوا جبکہ دوسرا قافلہ صبح 7 بجے اور تیسرا قافلہ دوپہر 12 بجے جدہ کے لیے روانہ ہوا۔ حج کیمپ نامپلی میں عازمین حج کے تمام ضروری کارروائیوں اور ایمگریشن کی تکمیل کی گئی۔ سعودی عرب سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چھ قافلوں کے عازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں اور مقررہ رہائش گاہوں میں مقیم ہیں۔ گرین اور عزیزیہ زمرے کے علاوہ رباط میں قیام کرنے والے عازمین عبادتوں میں مشغول ہوگئے۔ رباط میں ناظر حسین محمد الشریف کی راست نگرانی میں بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔ آج کے قافلوں کو رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین، صدر ریاستی حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خان، اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کے علاوہ حج کمیٹی کے ارکان نے وداع کیا۔ ہر قافلہ کے ساتھ ایک ایک خادم الحجاج کو روانہ کیا گیا۔ رکن کونسل فاروق حسین نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حج کے لیے منتخب ہونا باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کے دوران عازمین کو زیادہ تر وقت عبادتوں، اذکار اور دعائوں میں صرف کرنا چاہئے۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ صدرنشین حج کمیٹی نے عازمین حج سے ریاست کی ترقی و خوشحالی اور چیف منسٹر کی صحت و درازی عمر کے لیے دعا کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام طبقات بالخصوص اقلیتوں کی ترقی کے اقدامات کررہی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے حج کیمپ کے انتظامات پر روشنی ڈالی اور سفر حج کے دوران امور کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ مولانا سید قبول پاشاہ شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن نے عازمین سے خطاب کیا اور کہا کہ حرمین شریفین میں آدام و احترام کا مظاہرہ کریں۔ مدینہ منورہ بطور خاص احترام کی جگہ ہے۔ حرمین میں بے جا کاموں کے بجائے عبادات، تلاوت قرآن مجید اور کثرت درودِ شریف کا اہتمام کریں۔ مولانا مفتی تجمل حسین خطیب مسجد حسینی نے کہا کہ سفر حج بابرکت اور سراپا عشق پر مبنی ہے۔ ساری محبتوں کو قربان کرکے حاجی طویل سفر پر روانہ وتا ہے۔ قاری متین علی شاہ قادری نے فضائل حج بیان کیے۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کی بسیں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمینل روانہ ہوئیں۔ عازمین کے رشتہ دار اور دوست احباب کی کثیر تعداد نے وداع کیا۔ ہفتہ کو دو قافلے ارض مقدس کے لیے روانہ ہوں گے۔ پہلا قافلہ رات دیر گئے دیڑھ بجے اور دوسرا قافلہ شام 4 بجے پرواز کرے گا۔