سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ دینے وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کا اعلان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سیلاب سے متاثرہ ریاست کیرالا کو ہر ممکنہ امداد فراہم کرنے کے لیے حکومت تلنگانہ نے آج تقریبا 20 ٹن ملک پاوڈر ، تغذیہ بخش غذا روانہ کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ آر او مشینس اور غذائی اشیاء کی بھاری مقدار دی جائے گی ۔ حکومت نے پہلے ہی 25 کروڑ کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ آج صبح چیف منسٹر کے چندر شکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب زدہ کیرالا کے لیے 20 ٹن دودھ کا پاوڈر اور غذائی اشیاء روانہ کریں ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کیرالا میں بارش و سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی مالی نقصانات پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین کو بطور امداد دینے کا اعلان کیا ۔ کے ٹی آر نے ٹیوٹر کے ذریعہ تلنگانہ کے تمام وزراء ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز سے بھی خواہش کی کہ وہ مصیبت زدہ عوام کی مدد کریں اور کیرالا کی از سر نو تعمیر میں دل کھول کر مدد کریں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے کیرالا چیف منسٹر پی وجین کی اپیل پر فوری مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے 25 کروڑ روپئے مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے ۔ جو قابل ستائش اقدام ہے ۔ کے ٹی آر نے صنعتکاروں ، تاجرین ، ماہرین آئی ٹی کے علاوہ تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی کیرالا عوام کی مدد کرنے کے لیے آگے آئیں اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں چندہ دیں جس کو حکومت تلنگانہ فوری کیرالا روانہ کرے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ خطرے خطرے سے دریا بھرتا ہے ۔ دی جانے والی رقم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی بلکہ انسانی ہمدردی کو ملحوظ رکھتے ہوئے مالی امداد کریں ۔۔