حیدرآباد 25 جون (پریس نوٹ ) اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے ایک پریس نوٹ میں بتایا ہے کہ مرکزی حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے تحت ریاست تلنگانہ سے مزید 183 عازمین حج کے انتخاب کا اعلان کیا ہے جس کے بعد ریاست تلنگانہ سے منتخب ہونے والے عازمین کی تعداد جملہ 292 تک پہنچ چکی ہے ۔ ریاست آندھرا پردیش سے ویٹنگ لسٹ کے تحت مزید 194 درخواست گذاروں کو منتخب قرار دیا گیا ہے اور ویٹنگ لسٹ کے تحت منتخب جملہ عازمین کی تعداد 283 تک پہنچ گئی ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے متنخب عازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ درخواست فارم میں درج کردہ زمرہ کے مطابق حج مصارف کی جملہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا میں 6 جولائی یا اس سے قبل جمع کروادیں ۔ گرین زمرہ کے تحت حج مصارف کی جملہ رقم 212,850 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کے تحت جملہ رقم 180,100 روپئے ہوتی ہے ۔ انہوں نے ان عازمین سے خواہش بھی کی ہے کہ وہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ ‘ایک عدد کلر فوٹو کے ساتھ رقم کی ادائیگی کے چالان کی کاپی دفتر ریاستی حج کمیٹی میں جمع کروادیں تا کہ انہیں مزید کارروائی کیلئے مرکزی حج کمیٹی کو روانہ کیا جاسکے ۔ تمام منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع دی جارہی ہے ۔ منتخب عازمین حج تفصیلات کیلئے دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاوز نامپلی حیدرآباد فون نمبر 040-23236310 پر ربط پیدا کریں۔ ویٹنگ لسٹ کے جو عازمین 6 جولائی تک رقم ادا نہ کریں ان کا انتخاب منسوخ تصور کیا جائے گا۔