تلنگانہ سے بی جے پی کے مکمل خاتمہ کا عہد

ایم بی ٹی ہی سنگھ پریوار کا مقابلہ کرسکتی ہے ‘ یاقوت پورہ میں فرحت خان کا خطاب

حیدرآباد 27 اپریل ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے علاقہ گنگا نگر کے قریب منعقدہ مجلس بچاو تحریک کے انتخابی جلسہ عام میں انسانی سروں کا سیلاب اُمڈ آیا ۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت امیدوار حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ نے آج اپنے ولولہ انگیز خطاب کے دوران ملت مظلومہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی مظلومیت کے خاتمہ کیلئے مجلس بچاو تحریک کو کامیاب بنائیں کیونکہ وہ خود مظلوم عوام کی شناخت بن چکے ہیں۔ مجاہد ملت جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ جو انقلاب حلقہ یاقوت پورہ سے اُٹھا ہے وہ نہ صرف تلنگانہ کے تمام علاقوں تک پہنچے گا بلکہ آئندہ پانچ برسوں میں اس انقلاب کی گونج لال قلعہ کی فصیلوں سے ٹکرائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ مظلوم پر ظلم کی انتہاء کے بعد ایک وقت آتا ہے کہ ظالم کو چھپنے کیلئے کوئی جگہ میسر نہیں آتی ، آج یہی صورتحال حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں پیدا ہوچکی ہے اور اسے برقرار رکھتے ہوئے مجلس بچاو تحریک کو کامیاب بنانے کی ذمہ داری قوم و ملت کے ہر اس فرد کی ہے جو یہ چاہتا ہے کہ ملت کے معصوم بچوں کے ہاتھوں میں اوزار کے بجائے قلم ہو ، جو یہ چاہتا ہے کہ غریب مسلمانوں کی پسماندگی کا خاتمہ ہو ، جو یہ چاہتا ہے کہ ملت اسلامیہ کی سربلندی کے لئے جدوجہد کی راہ اختیار کی جائے ۔ مسلمانان حیدرآباد پر اس بات کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس علاقہ کے پسماندہ عوام کو ترقی دلانے کیلئے اپنا تعاون ووٹ کے ذریعہ کرتے ہوئے صدائے حق بلند کرنے والے امیدوار کو کامیاب بنانے کیلئے کوئی دقیقہ باقی نہ رکھیں ۔ مجاہد ملت نے اپنے جذباتی خطاب کے دوران مجلس بچاو تحریک پر بی جے پی سے ساز باز پر الزام لگانے والوں کو للکارتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کہ اے اللہ تیری صفات میں جباریت و قہاریت شامل ہیں، تجھے تیری جباریت و قہاریت کا واسطہ کے اگر مجھ پر جو الزام لگا رہے ہیں وہ جھوٹ ہیں تو الزام لگانے والوں کو تباہ وہ تاراج کردے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، ان کی جنگ سیاسی ہے اور اس سیاسی جنگ میں مسائل پر گفتگو ہونی چاہئے لیکن مخالفین جس انداز سے شخصی حملے کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنا رہے ہیں اس سے قوم کو اس بات کا اندازہ ہوچکا ہے کہ مسائل پر گفتگو کرنے کیلئے اب جماعت کی بنیاد پر ووٹ مانگنے والوں کے پاس کوئی موضوع نہیں ہے ۔

مجاہد ملت نے کہا کہ ان کے منصوبہ میں شامل 150 اسکولس کے علاوہ جو اسکیمات ہیں ان پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے ضرورت پڑنے پر وہ ہر قسم کی جدوجہد کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے جو لوگ سفید راشن کارڈ رکھتے ہیں انہیں کاروبار کیلئے حکومت کے ذریعہ 1 لاکھ روپئے تک کی فراہمی کو قابل عمل بنایا جائے گا ۔ علاوہ ازیں سفید راشن کارڈ رکھنے والے مکینوں کو آبرسانی و برقی بلوں میں 50 فیصد تک کی تخفیف کیلئے حکومت کو مجبور کیا جائے گا۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ مردآہن غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان نے پرانا شہر حیدرآباد سے بی جے پی کا مکمل صفایا کیا تھا ۔جناب فرحت خان مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ سے بی جے پی کا خاتمہ اُن کا مقصد ہوگا جبکہ چارمینار کے اوپر واقع مسجد کی کشادگی اور کانسٹیبل عبدالقدیر کی رہائی ان کی ترجیحات میں شامل رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انقلاب کا یہ پیغام جو حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کی جانب سے دیا جارہا ہے اس پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچاتے ہوئے مسلمانوں کے حقوق کی جدوجہد اور بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے خاتمہ کی ذمہ داری وہ اپنے سر لیتے ہیں۔ مجاہد ملت جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ وہ انتخابات کے ذریعہ جمہوری انداز میں اُن قوتوں کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں جو قوتیں بے قصور مسلم نوجوانوں کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی مرتکب ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جو بے قصور نوجوان جیل کی سلاخوں کے پیچھے اپنی زندگی کے اہم ماہ و سال گذار چکے ہیں انہیں حکومت سے انصاف دلانا ان کی اپنی ذمہ داری ہوگی اور وہ اس کیلئے امت مظلومہ کے تعاون سے جدوجہد کریں گے ۔

اس عظیم الشان جلسہ کے تعلق سے کی گئی سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے جناب مجید اللہ خان فرحت نے بتایا کہ ملک میں شاید ہی کہیں اس طرح انتخابات لڑے جاتے ہیں جس طرح آج حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں منعقد ہورہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس بچاو تحریک کا جو جلسہ یاقوت پورہ بڑا بازار میں منعقد ہونا تھا اسے ناکام کرنے کیلئے مقام تبدیل کیا گیا لیکن اللہ کے فضل و کرم سے مقام کی تبدیلی کے باوجود جلسہ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان تبدیلی کے ذریعہ انقلاب برپا کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مظلوم بہنوں کے آنسو پونچھنے ، معصوم بچوں کو اسکول بھیجنے، نوجوانوں کو روزگار سے منسلک کرنے ، ضعفاء کو وظیفہ پیرانہ سالی کے علاوہ ملت اسلامیہ کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مجلس بچاو تحریک کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں جن کا امتیازی نشان ٹی وی ہے اور 30 اپریل کو ٹی وی کے نشان پر بٹن دباتے ہوئے اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے ووٹ کا استعمال کریں۔