تلنگانہ سے اجمیر شریف کیلئے غلاف مبارک تیار ہو کر ایک ماہ مکمل ، روانگی کا نظم ندارد

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے درگاہ حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ اجمیر شریف میں غلاف کی پیشکشی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن غلاف کی تیاری کے باوجود ابھی تک اس کی روانگی کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔ چیف منسٹر نے 5 کروڑ روپئے سے اجمیر میں حیدرآبادی رباط اور ڈھائی لاکھ سے غلاف مبارک کی تیاری کی ہدایت دی تھی۔ غلاف کی تیاری کے سلسلہ میں حیدرآباد کے ایک ماہر کی خدمات حاصل کی گئی اور قیمتی غلاف تیار کیا گیا جس پر ایک لاکھ 73 ہزار روپئے کا خرچ آیا ہے۔ غلاف کی تیاری کو تقریباً ایک ماہ مکمل ہوگیا لیکن ابھی تک اس کی روانگی کا کوئی نظم نہیں ہوا ہے۔ حکومت نے یہ طئے نہیں کیا کہ کس کے ذریعہ یہ غلاف روانہ کیا جائے گا۔ ابتداء میں کہا جارہا تھا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ بذات خود درگاہ شریف پر حاضری دیں گے اور غلاف پیش کر یں گے لیکن غلاف کی تیاری کے بعد چیف منسٹر کی روانگی کا کوئی پروگرام نظر نہیں آتا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈپٹی چیف منسٹر یا پھر محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے ذریعہ غلاف کو اجمیر روانہ کیا جائے گا۔ ہنگامی طور پر غلاف کی تیاری کے بعد اسے چیف منسٹر کے مشاہدہ کیلئے پیش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ابھی تک چیف منسٹر نے غلاف کا مشاہدہ نہیں کیا اور وہ روانگی کیلئے محفوظ کردیا گیا ہے، جو سکریٹریٹ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے دفتر میں محفوظ ہے۔

عہدیداروں کو اس قیمتی غلاف کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینی پڑ رہی ہے کیونکہ زیادہ دن تک رکھنے کی صورت میں غلاف پر کیا گیا کام متاثر ہوسکتا ہے۔ چیف منسٹر نے دیوان جی اجمیر جناب زین العابدین کو ڈھائی لاکھ روپئے بطور نذرانہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کیلئے چیف منسٹر نے اجمیر میں منت کی تھی۔ حال ہی میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جئے پور پہنچ کر چیف منسٹر وسندھرا راجے سے ملاقات کی اور انہیں چیف منسٹر کا مکتوب حوالہ کیا تھا جس میں حیدرآبادی رباط کیلئے ایک ایکر اراضی الاٹ کرنے کی خواہش کی گئی۔ اگرچہ چیف منسٹر راجستھان نے اراضی کے الاٹمنٹ سے اتفاق کیا لیکن دونوں ریاستوں کے درمیان اس سلسلہ میں سرکاری سطح پر کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔ بتایا جاتا ہے کہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار راجستھان کے دورہ کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ رباط کی اراضی کے حصول میں پیشرفت کی جاسکے۔ حکومت عہدیداروں کے ذریعہ غلاف اور نذرانہ کی رقم روانہ کرسکتی ہے۔ تاہم اس سلسلہ میں چیف منسٹر کی منظوری کا انتظار ہے۔