تلنگانہ سونیا گاندھی نے دیا لیکن حاصل کس نے کیا ؟

کانگریس قائدین سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا استفسار
حیدرآباد۔/14مارچ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے سلسلہ میں کانگریس قائدین کے دعوؤں کا منفرد انداز میں جواب دیا ہے۔ قانون ساز کونسل میں چیف منسٹر نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی کی مہربانی سے تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے اور اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ تاہم کانگریس قائدین کو اس بات کی وضاحت کرنی چاہیئے کہ تلنگانہ ریاست سونیا گاندھی نے دی تاہم کس نے اسے حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو کانگریس قائدین کے ضمیر پر چھوڑتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن جانا ریڈی اور کونسل میں قائد اپوزیشن ڈی سرینواس نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کو سونیا گاندھی کا کارنامہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس نہ ہوتی تو آج علحدہ تلنگانہ ریاست کا وجود نہ ہوتا۔ چیف منسٹر نے اس دعویٰ کا جواب دیتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ سونیا گاندھی نے اگر تلنگانہ دیا ہے تو حاصل کرنے والے کون ہیں۔ ٹی آر ایس کی جدوجہد کے سبب ہی مرکزی حکومت کو تلنگانہ کی تشکیل پر مجبور ہونا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کی مہربانی کے سبب تلنگانہ ریاست وجود میں آئی ہے اور اس مسئلہ پر کسی کو شبہات اور اندیشوں کی ضرورت نہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تاریخ جب بھی لکھی جائے گی اس میں سونیا گاندھی کا نام ضرور شامل رہے گا۔ تاہم تلنگانہ دینے والی سونیا گاندھی ہیں تو پھر اس کیلئے جدوجہد کس نے کی اور حاصل کرنے والے کون ہیں؟ ۔ اس سوال کا جواب میں کانگریس قائدین کے ضمیر پر چھوڑتا ہوں۔