تلنگانہ سروے پر عوام کا حوصلہ افزاء ردعمل

ریاست بھر میں 95 فیصد مکانات کا احاطہ، ٹی آر ایس حکومت کا پہلا عوامی پروگرام
حیدرآباد 19 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کروایا گیا جامع سروے مجموعی اعتبار سے کامیاب رہا۔ ریاست بھر میں سروے کا مجموعی فیصد 95 رہا جبکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں یہ فیصد 88 رہا۔ حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ کے تمام مکینوں کے سماجی و معاشی موقف کے علاوہ رہائشی صورتحال سے واقفیت کے حصول کے لئے 19 اگسٹ کو جو سروے کروانے کا اعلان کیا تھا اُس میں حکومت کو بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی اور عوام نے جوش و خروش کے ساتھ اِس سروے میں حصہ لیا۔ حیدرآباد میں سروے کا آغاز راج بھون سے ہوا جہاں شمار کنندگان نے گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی۔ بعدازاں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی قیامگاہ پہونچ کر اُن سے تفصیلات حاصل کیں۔ اِس موقع پر اُن کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی مسٹر کے تارک راما راؤ کے علاوہ دیگر افراد خاندان موجود تھے۔ ریاست بھر سے تعلق رکھنے والے عوام جو ملک بھر کے مختلف مقامات پر برسر روزگار تھے نے بھی سروے میں حصہ لینے کے لئے اپنے اپنے علاقوں کا رُخ کیا۔ بیشتر اضلاع میں عوام کے بڑے اجتماعات دیکھے گئے جہاں پر برسوں بعد لوگ اپنے رشتہ داروں سے یکجا ملاقات کررہے تھے۔ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کروائے گئے اِس سروے کے دوران 4 کروڑ عوام کے سروے کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے تھے اور اِس سلسلہ میں مختلف محکمہ جات بالخصوص محکمہ تعلیم، محکمہ پولیس، محکمہ مال کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے ملازمین و عہدیداروں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔ عادل آباد میں سروے کے فیصد کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ شام 6 بجے تک 71 فیصد سروے مکمل کرلیا گیا تھا اِسی طرح ضلع رنگاریڈی میں سروے کے اختتام تک تقریباً 72 فیصد سروے مکمل کرلئے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔ کریم نگر میں تقریباً 65 فیصد سروے ایک دن میں مکمل کیا گیا۔ حیدرآباد میں میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر ماجد حسین، ڈپٹی میئر مسٹر راج کمار کے علاوہ ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر انوراگ شرما، کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہندر ریڈی کے علاوہ خود کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے سروے میں حصہ لیا اور تفصیلات کا اندراج کروایا۔(سلسلہ صفحہ 7پر)