تلنگانہ سروے مسلمانوں کی عددی قوت کے مظاہرہ کیلئے اہمیت کاحامل

عملے سے تعاون اور تفصیلات درج کرانے جناب زاہد علی خان اور جناب وقار الدین کی اپیل
حیدرآباد ۔ 18 اگست ۔ ( سیاست نیوز ) حکومت کی جانب سے کروایا جانے والا سروے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اس سروے میں تمام مسلمانوں کو حصہ لیتے ہوئے اپنی اجتماعیت کے علاوہ عددی طاقت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ نوتشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں مسلمانوں کے موقف کے علاوہ اُن کی سماجی و معاشی حالت کے اظہار کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ سروے میں حصہ لیتے ہوئے تفصیلات سے شمارکنندگان کو واقف کروائیں۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب سید وقارالدین قادری ایڈیٹر انچیف رہنمائے دکن ، جناب ملک معتصم خان ، جناب حامد محمد خان ، مولانا حبیب عبدالرحمن الحامد ، مولانا سید طارق قادری ، جناب عبدالقادر قادری وحید پاشاہ ،کے علاوہ دیگر معززین نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سروے کا حصہ بننے میں تامل نہ کریں ۔ ان ذمہ دارانہ ملت اسلامیہ نے بزرگوں اور نوجوانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ ہر فرد کے اندراج کو یقینی بنائیں تاکہ مستقبل میں حکومت کی اسکیمات بالخصوص فلاحی و ترقیاتی اقدامات میں اقلیتوں کی حصہ داری کے متعلق حکومت کو متوجہ کروایا جاسکے ۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ سروے سے خوفزدہ ہونے کے بجائے سروے میں حصہ لیتے ہوئے نہ صرف اپنی آبادی اور تناسب کا احساس دلائیں بلکہ اردو زبان کی ترقی کیلئے سروے فارم میں دیئے گئے مادری زبان کی جگہ اردو تحریر کرواتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں اردو کے موقف کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں۔ مذکورہ ذمہ داران نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے کروائے جانے والے اس سروے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست کے مکینوں کے موقف کے علاوہ اُن کی حقیقی تعداد سے آگہی کیلئے حکومت نے جو اقدام کیا ہے وہ نہ صرف قابل قدر ہے بلکہ اس اقدام کے ذریعہ مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کے حصہ کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے ۔ سروے کے متعلق عوام میں پیداشدہ بیچینی کو دور کرنے کیلئے ان ذمہ داران نے بتایا کہ مذکورہ سروے مستقبل میں عوام کے مفادات کاضامن ثابت ہوسکتا ہے چونکہ حکومت کے پاس مضبوط و مستحکم اندراجات موجود ہونے کی صورت میں حکومت راست طورپر عوام کو سرکاری اسکیمات سے مستفید کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے خود یہ کہا جانے لگا ہے کہ اب تک جو فلاحی اسکیمات چلائی گئی ہیںاُن کے ذریعہ عوام سے زیادہ عہدیداروں و سیاستدانوں نے فوائد حاصل کئے ہیں۔ حکومت کی اسکیمات سے راست مستفید ہونے کیلئے اس سروے میں اپنے ا ندراجات کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے ۔